اَھلاً وَ سَھلاً مَرحَباً بِکُم یَا رَمَضَانَ الکَرِیم
ہجری قمری تقویم کا نوواں مہینہ رمضانُ المبارک ہے اور بحکمِ قُرآن سورۃ بقرہ آیت 185 فَمَنْ شَھِدَ مِنکُم فَلیَصُمہُ یعنی (اے مسلمانوں) تم میں سے جو کوئی بھی اس مہینہ کو پائے تو اس پر لازم ہے کہ روزے رکھے
اس انتہائی بابرکت مہینے کی آمد سے پہلے اس کی فضیلت و عظمت پر جنابِ رسولِ خُدا صلی اللہُ علیہ وآلہ وسلم کا ایک خُطبہ اہلِ ایمان کی روحانی قوتوں کی جِلا کے لیے پیش کرنے کی سعادت حاصل کر رہا ہوں حضرت امام رضا علیہ السلام نے اپنے آباء و اجداد کے واسطے سے مولا علی علیہ السلام سے روایت کرتے ہوئے فرمایا کہ
رمضان المبارک کی آمد سے پہلے سرکارِ دو عالم صلی اللہُ علیہ وآلہ وسلم نے خُطبہ ارشاد فرمایا ؛ اے لوگو! تمہاری طرف بابرکت، رحمت والا اور گناہوں کے معاف ہونے کا مہینہ آ رہا ہے، اس کی سعادتوں کو سمیٹ لو، یہ وہ مہینہ ہے کہ اللہ کے نزدیک تمام مہینوں سے بہتر اور افضل ہے جس کے دِن باقی تمام دِنوں سے، جس کی راتیں باقی تمام راتوں سے، اور جس کی گھڑیاں باقی تمام گھڑیوں سے افضل و اعلیٰ ہیں، یہ وہ مہینہ ہے کہ جس میں اللہ کریم نے تمہیں اپنی مہمان نوازی کی طرف دعوت دی ہے، اور اللہ سے بڑھ کر بھلا کوئی اور مہمان نواز ہو سکتا ہے؟ یقیناً نہیں ہر گز نہیں، اور اللہ نے تمہیں اس مہینے میں ایسا صاحبِ کرامت قرار دیا ہے کہ حالتِ روزہ میں تمہارا سانس لینا تسبیح کا، اور سو جانا عبادت کا ثواب رکھتا ہے، تمہارے اعمال کی قبولیت، تمہاری دعاؤں کی اجابت سند کا درجہ حاصل کر لیتی ہے پس تم گناہوں اور بُرائیوں سے پاکیزہ دل کے ساتھ صدقِ نیت سے اللہ کے دربار میں حاضری دو
اس مہینے کی بھوک اور پیاس سے قیامت کی بھوک اور پیاس کو یاد کرو ، اور تقویٰ کو تقویت دو،
مساکین اور فقراء کو صدقہ دو، اپنے بوڑھوں کی تعظیم اور چھوٹوں پر رحم اور رشتہ داروں پر مہربانی کرو، اپنی زبانوں کو اُن باتوں سے جو نہیں کہنی چاہئیں محفوظ رکھو، اپنی آنکھوں کو اُن چیزوں سے جنہیں دیکھنا تمہارے لیے حلال نہیں بند رکھو، اور جن چیزوں کا سننا تمہارے لیے حلال نہیں اُن سے اپنے کانوں کو بچاؤ،
اے لوگو! تحقیق تمہاری گردنیں گِروی پڑی ہیں، اللہ سے مغفرت طلب کر کے چُھڑوانے کی کوشش کرو، اور تمہاری پیٹھیں گناہوں کی وجہ سے بھاری ہو چکی ہیں اُنہیں طویل سجدوں سے ہلکا کرنے کی کوشش کرو، کیونکہ اللہ کریم نے اپنی عزت و عظمت کی قسم کھا رکھی ہے اس مہینے میں سجدے کرنے والوں، نماز ادا کرنے والوں اور پھر اس پر قائم رہنے والوں کی دعاؤں کو رَد نہ کرے گا اور اُن کو عذاب نہ کرے گا
اے لوگو! جو شخص اس مہینے میں کسی مومن کا روزہ افطار کروائے گا تو گویا اُس نے ایک غلام آزاد کروایا، کسی حاجت مند کی حاجت روائی سے جہنم کی آگ کو اپنے اوپر حرام کر لو، اپنے اخلاق کو سنوار لو تا کہ بروزِ قیامت پُل صراط سے آسانی کے ساتھ گزر جاؤ ، اور اے لوگو! تحقیق رمضان میں جنت کے دروازے کُھل جاتے ہیں پس اللہ تعالیٰ سے دعا کرو کہ تُم پر کبھی بند نہ کرے اور جہنم کے دروازے اس مہینے میں بند کر دیئے جاتے ہیں پس دعا کرو کہ تُم پر کبھی نہ کھولے اور شیطان کو جکڑ دیا جاتا ہے پس اللہ سے دعا کرو کہ شیطان تم پر کبھی مسلط نہ ہونے پائے (آمین ثم آمین یا رب العالمین)
ریٹائرڈ او رینٹل ٹیچر
گورنمنٹ پائیلیٹ ہائر سیکنڈری اسکول
اٹک شہر
تمام تحریریں لکھاریوں کی ذاتی آراء ہیں۔ ادارے کا ان سے متفق ہونا ضروری نہیں۔
کیا آپ بھی لکھاری ہیں؟اپنی تحریریں ہمیں بھیجیں، ہم نئے لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ |