"شب ہجر” میری نظر میں
18 دسمبر اٹک کتاب میلہ میں ارسلان خان ارسل نے زیر نظر کتاب عنایت کی. آپ اٹک کے نوجوان شاعر ہیں. پہلے تو مبارک باد دیتا ہوں.
جستہ جستہ مطالعہ کے بعد حاصل مطالعہ یہ ہے کہ عاصی نے عجلت پسندی کا مظاہرہ کیا ہے کیونکہ کئی مقامات پر اوزان کی اغلاط نظر سے گزریں جو تھوڑی سی محنت سے درست ہو سکتی تھیں, اس کے باوجود کلام کا نمایاں حصہ معیاری اور پختہ ذہنی تجربے کا غماز نظر آتا ہے.
ان کی بحور کلاسیکل شعرا سے مستعار لی گئی ہیں. پیر نصیر الدین نصیر رحمہ اللہ کا رنگ بھی واضح دکھائی دیتا ہے. عاصی اردو کی کلاسیکل روایت سے لابلد نہیں ہے. اس کتاب میں اردو نعتیں, غزلیں, پنجابی کلام اور قافیاں شامل ہیں. کم عمری میں ان کی محنت اور کتاب سے وابستگی خوش آئند ہے. میں ان کا خیر مقدم کرتا ہوں. "شب ہجر” سے چند اشعار پیش خدمت ہیں. قارئین بخوبی اندازہ لگا سکتے ہیں کہ ارسلان عاصی کا ذہن کتنا زرخیز ہے اور یہ اردو شاعری کے وسیع و عریض میدان میں اپنا مقام بنانے کی سکت رکھتا ہے:
قابل نہیں میں آپ کی تعریف کے لیے
کیسے وجود خام کو مدحت سرا کروں
چند لمحوں میں وہ قوسین کی منزل اللہ
اوج سدرہ سے بھی آگے ہے اجارہ تیرا
نگاہ میں ہے لطف پنہاں
کہاں وہ لذت شراب میں ہے
قلب پرنم تو اک سمندر ہے
یادپیہم کی ہی روانی ہے
سامنے رہ کے بھی وہ کتنے حجابوں میں رہے
جیسے مبہم کوئی تحریر کتابوں میں رہے
ہو کے اوجھل ترا اس آنکھ سے دل میں رہنا
ہو کہ مکتوم مہک کیسے گلابوں میں رہے
آپ سے کیا کریں شکایت ہم
آپ ہی کے ستائے ہوئے ہیں
سجاد حسین سرمد
مدیر سہ ماہی دھنک رنگ فتح جنگ
19 دسمبر 2022ء
مدیر : سہ ماہی دھنک رنگ – فتح جنگ
لیکچرر اردو
کیڈٹ کالج مہمند
تمام تحریریں لکھاریوں کی ذاتی آراء ہیں۔ ادارے کا ان سے متفق ہونا ضروری نہیں۔
کیا آپ بھی لکھاری ہیں؟اپنی تحریریں ہمیں بھیجیں، ہم نئے لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ |