سائنسی صوفیائے کرام!
ہر وہ عالم صوفی کہلانے کا مستحق ہے جس کا علم دوسرے عام انسانوں کے لیئے نفع بخش اور باعث برکت ثابت ہو۔ یورپ کی سائنسی لیبارٹریوں میں ایسے برگزیدہ صوفی دن رات خدا کی بارگاہ میں علم مانگنے کے لیئے ہاتھ پھیلائے اور گردنیں جھکائے کھڑے نظر آتے ہیں، وہ بھوک دیکھتے ہیں نہ پیاس، دن ہو یا رات، یہ وقت کی پروا کرتے ہیں اور نہ اپنے آرام کی، ان کا تمام وقت اپنے رب سے علم کی طلب میں گزرتا ہے۔ ان لوگوں کی تپسیا میں ایسی شدت ہوتی ہے کہ خدا انہیں مایوس نہیں کرتا اور ان کی جھولی علم کے موتیوں سے بھرتا رہتا ہے۔ خدا کے یہ گنے چنے بندے بھی خدا کا دیا ہوا علم اپنے آپ تک محدود نہیں رکھتے اور کوشش کرتے ہیں کہ اللہ کی مخلوق کے ساتھ یہ علم بانٹا جائے، سو جس کی جتنی توفیق ہوتی ہے وہ انسانی آسائشات کے لیئے اتنی ہی زیادہ ایجادات کرتا ہے۔
ایسی ہی ایک علمی درگاہ امریکی شہر ہیوسٹن میں واقع ہے جس کا نام ’ناسا‘ ہے۔ یہاں جو عالم فاضل صوفیاء کام کرتے ہیں انہیں رب نے کتنا علم عطا کیا ہے اس کا اندازہ یوں لگایا جا سکتا ہے کہ 18 فروری 2021 کو ان برگزیدہ بندوں کی بھیجی ہوئی خلائی مشین 6 کروڑ کلومیٹر کا سفر طے کر کے مریخ کی سطح پر اتر گئی۔ زمین سے مریخ کا کم سے کم فاصلہ 5 کروڑ 86 لاکھ کلومیٹر ہے مگر یہ ‘کتابی’ فاصلہ ہے کیونکہ حقیقت میں مریخ سے زمین کا اتنا کم فاصلہ آج تک ممکن نہیں ہو سکا۔
یہ کم سے کم فاصلہ سنہ 2003ء میں ریکارڈ کیا گیا تھا جب مریخ اور زمین اپنے اپنے مدار میں ایسی جگہ پر آ گئے تھے جہاں ان کے درمیان 5 کروڑ 60 لاکھ کلومیٹر کی دوری تھی۔ سو ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ ناسا کے جہاز نے تقریباً 6 کروڑ کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔ مگر شاید یہ بات بھی مکمل طور پر درست نہ ہو۔ کیونکہ مریخ اور زمین کے درمیان فاصلہ 40 کروڑ کلومیٹر تک بھی چلا جاتا ہے جبکہ اوسطاً یہ دونوں سیارے ایک دوسرے سے تقریباً 22 کروڑ کلومیٹر کی دوری پر واقع ہیں۔ یہ کائنات کے اس خلائی علم کی ایک معمولی سی مثال ہے۔ کیونکہ دو سیاروں کے درمیان فاصلہ ماپنا بھی ایک پیچیدہ کام ہے۔
سائنسی صوفیاء کے اسی قبیلے میں سٹیفن ہاکنگ نام کے بزرگ بھی گزرے ہیں، 14 مارچ سنہ 2018ء کو ان کا انتقال ہوا تھا، وفات سے پہلے انہوں نے اپنی ایک کتاب میں پیشگوئی کی تھی کہ سنہ 2070ء تک انسان مریخ پر اترنے میں کامیاب ہو جائے گا۔ ناسا والوں کی خلائی مشین تو مریخ پر اتر گئی، دیکھتے ہیں کہ اگلے 50 برسوں میں اس بزرگ صوفی کی بات سچ ثابت ہوتی ہے یا نہیں!
اللہ کا ایک ایسا ہی بندہ آسٹریلیا میں بھی رہتا ہے، یہ ساری رات اپنے گھر میں دور بین لگائے آسمان کو تکتا رہتا ہے، اس کا کام آسمانوں میں اپنے رب کے کرشمے تلاشنا ہے۔ اس بزرگوار صوفی کا نام رابرٹ ایوانز ہے۔ یہ حضرت خلاء میں ’سپر نووا‘ تلاش کرتے ہیں۔ سپر نووا اس ستارے کو کہتے ہیں جس میں انتہائی شدید دھماکوں کے نتیجے میں بے پناہ توانائی خارج ہوتی ہے، اتنی زیادہ کہ ہمارے کھربوں سورج مل کر بھی شاید وہ توانائی پیدا نہ کر سکیں۔ اس عمل کے دوران سپر نووا اپنی کہکشاں کے باقی ستاروں کی مانند زیادہ چمکدار رہتا ہے اور پھر ختم ہو جاتا ہے۔
ایسا سپر نووا اگر زمین سے 500 نوری سال کے فاصلے پر برپا ہو جائے تو یہاں زندگی فنا ہو جائے گی۔ اس پرنور صوفی ایوانز کا کہنا ہے کہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ یہ کائنات اس قدر وسیع ہے کہ ہمیں سپر نووا سے تباہی کا کوئی خطرہ نہیں ہے کیونکہ یہ شدید دھماکہ ایک خاص قسم کے ستارے میں ہوتا ہے جو ہمارے سورج سے کم از کم دس بیس گنا بڑا ہو اور ایسا کوئی سورج ہمارے نظام شمسی میں نہیں ہے۔ اس قسم کا جو ستارہ سب سے قریب ہے وہ پچاس ہزار نوری سالوں کے فاصلے پر ہے۔
سپر نووا اربوں سالوں تک روشن رہتے ہیں مگر جب ان کے وصال کا وقت قریب آتا ہے تو وہ اچانک ہی معدوم ہو کر ختم ہو جاتے ہیں، سب میں دھماکہ بھی نہیں ہوتا، اس کا منظر یوں ہوتا ہے جیسے ایک ٹمٹماتا ہوا چراغ۔ ایک کہکشاں میں یہ واقعہ اوسطاً دو تین سو برسوں میں ایک مرتبہ ہوتا ہے۔ مکرمی بزرگوارم ایوانز کی دوربین 50 ہزار سے ایک لاکھ تک کی کہکشاؤں کو دیکھ سکتی ہے اس لئے 80 کی دہائی سے لے کر سنہ 2003ء تک انہوں نے رب کا یہ کرشمہ 36 مرتبہ دیکھا۔ اللہ کی ذات "نورسماوات” ہے۔ کبھی کبھار 3 سال میں بھی کوئی سپر نووا نظر نہیں آتا اور کبھی دو ہفتوں میں 3 مرتبہ یہ جلوہ دکھائی دیتا ہے۔ رب کی باتیں رب ہی جانے!
ایک صوفی صاحب کشف بزرگ یوکرائن میں بھی گزرے ہیں، ان نام تھا جارج گامو۔ ایک مرتبہ آپ مراقبے اور گہرے غوروخوض میں تھے کہ ان پر یہ راز منکشف ہوا کہ اگر یہ کائنات بگ بینگ کے نتیجے میں وجود میں آئی ہے تو اس ’واقعہ‘ کی باقیات کے طور پر ریڈیائی لہریں کائنات میں اب بھی موجود ہوں گی اور چونکہ یہ کائنات بے حد وسیع ہے تو زمین تک پہنچتے پہنچتے وہ لہریں اب تک مائیکرو ویو کی شکل میں آ چکی ہوں گی۔ ان لہروں کو پکڑنے کے لئے صوفی گامو نے اینٹینے کی طرز پر ایک آلے کا تصور پیش کیا جس کا کام ان مائیکرو ویوز کو ریکارڈ کرنا تھا۔
اب ایک اتفاق ملاحظہ فرمائیں کہ سنہ 1964ء میں دو امریکی صوفیوں نے، جو پیشے کے اعتبار سے سائنس دان تھے، نیو جرسی کے مقام پر ایک بہت بڑا اینٹینا لگایا جو مواصلاتی مقاصد کے لئے تھا۔ اس اینٹینے نے مسلسل ایک آواز ریکارڈ کی جس کی ان خدا کے بندوں کو سمجھ نہیں آئی، انہوں نے اینٹینے کی ہر طرح سے جانچ کی، ہر پیچ کھول کر دوبارہ کسا، سب پرزے نئے سرے سے جوڑ کر بھی دیکھے مگر آواز آنی بند نہ ہوئی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ان سے محض پچاس کلومیٹر کے فاصلے پر پرنسٹن یونیورسٹی میں سائنسی صوفیائے کرام کی ایک علیحدہ ٹیم اس آواز کو ریکارڈ کرنے کی کوشش کر رہی تھی جس سے نیو جرسی کے صوفیاء پیچھا چھڑانے میں لگے ہوئے تھے!
یہ کائنات کے ’آغاز‘ کی آواز تھی، یہ وہ قدیم ترین روشنی تھی جو اب مائیکرو ویو کی شکل میں ڈھل کر ان تک پہنچی تھی، ان صوفیا عظام کو ابتداء میں معلوم ہی نہ ہو سکا کہ خدا نے انہیں کیا ودیعت کر دیا ہے، وہ 90 ارب کھرب میل پرے کائنات کے کسی کونے سے ابتدائی اور قدیم ترین فوٹون ریکارڈ کر رہے تھے!
مزید دلچسپ بات یہ ہے کہ ان صوفیوں اور سائیں بابوں کی ٹیموں کو پتا ہی نہیں تھا کہ روس کا ایک صوفی سنہ 1940ء میں یہ پیش گوئی کر چکا تھا کہ کائنات کے آغاز کی آواز اب بھی اس عالم میں موجود ہے۔ سنہ 1978ء میں نیو جرسی کے صوفیوں کو اس کارنامے پر، جس میں ان کا کوئی کمال تھا اور نہ ادراک تھا کہ وہ کیا ریکارڈ کر رہے ہیں، فزکس کا "نوبل انعام” دیا گیا۔
اشفاق احمد صاحب کا ایک ڈرامہ ’من چلے کا سودا‘ ہے۔ اس میں ایک کردار کہتا ہے کہ: "اب خدا تک پہنچنے کا راستہ بدل گیا ہے اب طبیعات کو سمجھے بغیر مابعد الطبیعات سمجھ نہیں آ سکتی۔” یہ عظیم صوفیاء اب اپنا مراقبہ لیبارٹریوں میں کرتے ہیں۔ اگر آپ کا ارادہ بھی سائنسی صوفی یا سائیں بابا بننے کا ہے تو جنگلوں میں تیاگ کرنے کی بجائے لیبارٹریوں کا رخ کریں۔ اس دور میں جب مسلمان سائنس اور ٹیکنالوجی میں غیرمسلموں سے بہت پیچھے ہیں، انسانیت کی خدمت سائنسی صوفی بن کر بھی کی جا سکتی یے۔سائنس کا ٹیچر بننے کی بجائے میکس پلانک کی طرح سائنس کا صوفی بننا بہتر ہے۔ صوفی نیلز بوہر، بابا ردر فورڈ اور سائیں آئن سٹائن بنیں، آپ پر مولوی صوفیوں سے پہلے زمانے کا باطن روشن ہونے لگے گا!
افسوس ہے کہ اشفاق احمد جیسی توانا آواز بھی نقار خانے میں طوطی ثابت ہوئی۔ گو کہ آج ہم بابے اور سائیں پیدا کر رہے ہیں مگر یہ وہ بابے نہیں جن کا ذکر اشفاق صاحب کر گئے تھے، یہ وہ بابے ہیں جو جہالت کا سپر نووا ہیں، ایسا سپر نووا جس کے معدوم ہونے کا اگلے کئی برس تک کوئی امکان نہیں۔
بل برائسن کی کتاب "تقریبا ہر چیز کی مختصر تاریخ” سے لیئے گئے یہ اقتباسات کائنات کے آغاز، ریڈیائی لہروں، پلینٹس اور سپرنوواز وغیرہ کے بارے میں ہیں۔ یہ سائنسی نظریات، تحقیقات اور دریافتوں کے بارے حقائق ان سائنسی صوفیاء عظام کا فیض ہیں جن سے آج پوری دنیا مستفید ہو رہی ہے۔ علم کسی رنگ و نسل، علاقے یا عقیدے کا محتاج نہیں۔ ہر وہ عالم صوفی کہلا سکتا ہے جس کا انسانی خدمت، فلاح و بہبود اور جدید ترقی کیلئے ضمیر روشن ہو۔
Title Image by mauriciodonascimento from Pixabay
میں نے اردو زبان میں ایف سی کالج سے ماسٹر کیا، پاکستان میں 90 کی دہائی تک روزنامہ "خبریں: اور "نوائے وقت” میں فری لانس کالم لکھتا رہا۔ 1998 میں جب انگلینڈ گیا تو روزنامہ "اوصاف” میں سب ایڈیٹر تھا۔
روزنامہ "جنگ”، لندن ایڈیشن میں بھی لکھتا رہا، میری انگریزی زبان میں لندن سے موٹیویشنل اور فلاسفیکل مضامین کی ایک کتاب شائع ہوئی جس کی ہاؤس آف پارلیمنٹ، لندن میں 2001 میں افتتاحی تقریب ہوئی جس کی صدارت ایم پی چوہدری محمد سرور نے کی اور مہمان خصوصی پاکستان کی سفیر ڈاکٹر ملیحہ لودھی تھی۔
تمام تحریریں لکھاریوں کی ذاتی آراء ہیں۔ ادارے کا ان سے متفق ہونا ضروری نہیں۔
کیا آپ بھی لکھاری ہیں؟اپنی تحریریں ہمیں بھیجیں، ہم نئے لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ |