سائنس و ٹیکنالوجی:موبائل فونز کا نیا دور
ڈاکٹر رحمت عزیز خان چترالی٭
عنقریب موبائل ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک نیا انقلاب برپا ہونے والا ہے اس ٹیکنالوجی کا سہرا ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس کے سر جاتا ہے۔ ڈائریکٹ ٹو سیل نامی سیٹلائٹ سروس موبائل کمیونیکیشن کے روایتی ڈھانچے کو چیلنج کرے گا۔ یہ ٹیکنالوجی جس میں موبائل فونز کو کسی مخصوص تبدیلی کی ضرورت نہیں ہوگی، زمین کے کسی بھی کونے سے کالز اور میسجز کی سہولت فراہم کرے گی۔
ڈائریکٹ ٹو سیل سروس میں سیٹلائٹس کو موبائل ٹاورز کے طور پر استعمال کیا جائے گا ۔ ان سیٹلائٹس میں نصب جدید موڈیم خلا سے موبائل فونز کو سگنلز بھیجے گا جس سے روایتی موبائل نیٹ ورکس کی حدود ختم ہو جائے گی۔ اس ٹیکنالوجی کی خاص بات یہ ہے کہ یہ ان علاقوں میں بھی موبائل کمیونیکیشن ممکن بنائے گی جہاں نیٹ ورک کی سہولت سرے سے موجود ہی نہیں ہے ۔
یوکرین ان اولین ممالک میں شامل ہے جہاں یہ سروس متعارف کرائی جا رہی ہے۔ یوکرین کے موبائل آپریٹر Kyivstar نے اسٹار لنک کے ساتھ شراکت داری کی ہے تاکہ اس انقلابی سروس کو عوام تک پہنچایا جا سکے۔ ابتدائی طور پر میسجنگ کی سہولت دستیاب ہوگی جبکہ بعد میں وائس اور ڈیٹا سروسز بھی فراہم کی جائیں گی۔
یہ ٹیکنالوجی نہ صرف موبائل کمیونیکیشن کو بدل کر رکھ دے گی بلکہ ان علاقوں میں ترقی کے نئے مواقع پیدا کرے گی جہاں نیٹ ورک کی کمی ترقی میں رکاوٹ بنی ہوئی تھی۔ دور دراز کے علاقوں میں تعلیم، صحت اور ایمرجنسی سروسز کو بہتر بنانے میں یہ ایک اہم کردار ادا کرے گی۔
ایلون مسک کی شخصیت بھی ہمیشہ خبروں میں رہتی ہے۔ حال ہی میں انہوں نے اپنی ایکس پروفائل پر نام تبدیل کر کے "کیکئس میکسمس” رکھا اور پروفائل تصویر بھی تبدیل کی۔ ان کا یہ عمل ان کی تخلیقی اور منفرد سوچ کی عکاسی کرتا ہے جو ہمیشہ کچھ نیا اور حیران کن پیش کرنے کی جستجو میں رہتی ہے۔
ڈائریکٹ ٹو سیل سیٹلائٹ سروس ایک ایسا قدم ہے جو دنیا کو موبائل کمیونیکیشن کے نئے دور میں لے جائے گا۔ اس ٹیکنالوجی کے اثرات نہ صرف موجودہ نظام پر پڑیں گے بلکہ مستقبل میں بھی اس کے ثمرات سامنے آئیں گے۔ یہ انقلاب اس بات کا ثبوت ہے کہ جدید ٹیکنالوجی انسانیت کے لیے نئی راہیں ہموار کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
رحمت عزیز خان چترالی کا تعلق چترال خیبرپختونخوا سے ہے، اردو، کھوار اور انگریزی میں لکھتے ہیں۔ آپ کا اردو ناول ”کافرستان”، اردو سفرنامہ ”ہندوکش سے ہمالیہ تک”، افسانہ ”تلاش” خودنوشت سوانح عمری ”چترال کہانی”، پھوپھوکان اقبال (بچوں کا اقبال) اور فکر اقبال (کھوار) شمالی پاکستان کے اردو منظر نامے میں بڑی اہمیت رکھتے ہیں، کھوار ویکیپیڈیا کے بانی اور منتظم ہیں، آپ پاکستانی اخبارارت، رسائل و جرائد میں حالات حاضرہ، ادب، ثقافت، اقبالیات، قانون، جرائم، انسانی حقوق، نقد و تبصرہ اور بچوں کے ادب پر پر تواتر سے لکھ رہے ہیں، آپ کی شاندار خدمات کے اعتراف میں آپ کو بے شمار ملکی و بین الاقوامی اعزازات، طلائی تمغوں اور اسناد سے نوازا جا چکا ہے۔کھوار زبان سمیت پاکستان کی چالیس سے زائد زبانوں کے لیے ہفت پلیٹ فارمی کلیدی تختیوں کا کیبورڈ سافٹویئر بنا کر عالمی ریکارڈ قائم کرکے پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کرنے والے پہلے پاکستانی ہیں۔ آپ کی کھوار زبان میں شاعری کا اردو، انگریزی اور گوجری زبان میں تراجم کیے گئے ہیں ۔
تمام تحریریں لکھاریوں کی ذاتی آراء ہیں۔ ادارے کا ان سے متفق ہونا ضروری نہیں۔
کیا آپ بھی لکھاری ہیں؟اپنی تحریریں ہمیں بھیجیں، ہم نئے لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ |