گرلز مڈل اسکو ل تراڑ راولاکوٹ میں تقسیم انعامات
خواجہ محمد شفیع ٹرسٹ کے زیراہتمام گرلز مڈل اسکو ل تراڑ راولاکوٹ میں کیش انعامات کی تقسیم
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر شہناز اختر گردیزی، ڈی ای او رفعت طاہرہ، اے ای او راولاکوٹ یاسمین بیگم ، صدر معلمہ رخسانہ حیات ، ریٹائرڈ ڈی ای او سردار محمد آصف ، امان الحق ، جاوید اقبال اور دیگر کی شرکت
خواجہ محمد شفیع ٹرسٹ سکالرشپس کے اجرا سے طالب علموں کی حوصلہ افزائی ہو گی
اساتذہ محنت کو اپنا شعار بنائیں، نئی نسل اپنے بزرگوں کے ورثے کو آگے بڑھا ئے: مقررین کا خطاب
راولاکوٹ آزادکشمیر (تعلیمی رپورٹ) خواجہ محمد شفیع ٹرسٹ کے زیراہتمام گورنمنٹ گرلز مڈل اسکول تراڑ چھل میں تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد ہوا ۔ تقریب سے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر(نسواں )پونچھ محترمہ شہناز اختر گردیزی، ، ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر پونچھ رفعت طاہرہ، اے ای او راولاکوٹ یاسمین بیگم ، ادارہ کی صدر معلمہ رخسانہ حیات ،ٹیچر اقصی بشیر ریٹائرڈ ڈی ای او سردار محمد آصف ، امان الحق صدر ٹیچر آرگنائزیشن راولاکوٹ، جاوید اقبال سینئر مدرس ہائی اسکول کھڑک و سرپرست خواجہ محمد شفیع ٹرسٹ اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔تقریب کا اہتمام خواجہ محمد شفیع ٹرسٹ کی طرف سے ادارے کے ہونہار طلبہ و طالبات میں ایوارڈز اور کیش انعامات کی تقسیم کےلیے کیا گیا تھا۔اس موقع پر اسکول کے بچوں نے پی ٹی شو، مارچ پاسٹ، ملی نغمے اور تقاریر سمیت رنگا رنگ پروگرام پیش کیے۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر(نسواں )پونچھ محترمہ شہناز اختر گردیزی نے خواجہ محمد شفیع ٹرسٹ کی طرف سے مقامی اسکولوں کے بچوں کے لیے کیش انعامات اور سکالرشپ کے اجرا کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے طالب علموں اور اساتذہ کی حوصلہ افزائی ہو گی۔ سرکاری اداروں پر اعتماد بڑھانے کے لیے اساتذہ محنت سے کام کریں، والدین اپنے مقامی تعلیمی اداروں سے بچوں کی کارکردگی کے بارے میں روابط کو مستحکم کریں ۔ ریٹائرڈ ڈی ای او سردار محمد آصف ، سینئر مدرس جاوید اقبال نے کہا کہ ماضی میں وسائل کی کمی اور مشکلات کے باوجود سرکاری اداروں سے تعلیم یافتہ طالب علموں نے زندگی کی ہر شعبے میں ترقی کی منازل طے کر کے مثال قائم کی ہے۔ نئی نسل اپنے بزرگوں کے ورثے کو آگے بڑھاتے ہوے محنت اور احساس ذمہ داری کو اپنا شعار بنائے۔ دنیا میں وہی اقوام ترقی حاصل کر رہی ہیں جو تعلیم اور ٹیکنالوجی میں آگے ہیں۔ تقریب میں معزیزین علاقہ، بچوں کے والدین اور ایس ایم سی کے اراکین نے شرکت کی- تقریب کے اختتام پر میں اسکول میں نمایاں پوزیشن لینے والے طلبہ و طالبات میں خواجہ محمد شفیع ٹرسٹ کی طرف سے شیلڈز اور نقد انعامات تقسیم دیےگئے ۔
تمام تحریریں لکھاریوں کی ذاتی آراء ہیں۔ ادارے کا ان سے متفق ہونا ضروری نہیں۔
کیا آپ بھی لکھاری ہیں؟اپنی تحریریں ہمیں بھیجیں، ہم نئے لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ |