شذرات مقبول کی مقبولیت
(تحریر۔پروفیسر جاوید عباس جاوید ، بھکر)
جناب مقبول ذکی مقبول ضلع بھکر کے اُبھرتے ہوئے شاعر اور ادیب ہیں ، اُنہوں نے تنقید اور تحقیق کے میدان میں معقول کام کیا ہے ۔ سب سے پہلے انہوں ننے مختلف ادبی اور علمی شخصیات کے انٹرویوز پر مشتمل دوکتابیں ٫٫ سنہرے لوگ ،، اور روشن چہرے کے نام سے شائع کی ہیں ۔ اس کے بعد انہوں نے عاصم بخاری کی شخصیت اور ادبی کام کے بارے میں ٫٫ اعتراف فن ،،کے نام سے تنقیدی اور توصیفی کتاب لکھی اب ان کی چوتھی نثری تخلیق ٫٫ شذرات مقبول ،، کے نام سے اشاعت پذیر ہوئی ہے ۔ یہ کتاب بھکر کے ادب میں خوشگوار اضافہ ہے ۔ یہ کتاب القلم رائٹرز فورم کی وساطت سے شائع ہوئی ہے جس میں مقبول ذکی کے نثری مضامین اور تبصرے شامل ہیں ۔ کتاب کے آغاز میں مقبول ذکی کی ادبی مساعی پرشاعر علی شاعر ، مقٓصود جعفری ، جاوید رسول جوہر ، شہاب صفدر ، سید ضمیر بخاری ، ریاض ندیم نیازی جیسے کہنہ مشق ادب شناس نقاد حضرات کے مضامین شامل کئے گئے ہیں ۔ اس کے علاوہ افضل صفی اور رقیہ غزل کے تاثرات بھی شامل ہیں۔
٫٫ شذرات مقبول ،،کے مندرجات میں مختلف شاعروں اور نثر نگاروں کی تخلیقات ، علمی خدمات اور ان کی ادبی کاوشوں کے حوالے سے مقبول ذکی مقبول کی چھوٹی بڑی تحریریں جمع کی گئی ہیں جو مختلف اخبارات اور رسائل میں شائع شدہ ہیں ۔ ہر تحریر کے بعد اس کے حوالہ جات درج کئے گئے ہیں ۔ جن شاعروں کا اس میں تذکرہ اور ان کی خدمات ادب کو زیرِ بحث لایا گیا ہے اُن میں ظہور احمد فاتح ، امان اللّٰہ کاظم ، غلام محمد تقی کوٹلہ جامی مرحوم ، محمد اقبال بالم ، شمشاد سرائی ، علی شاہ مرحوم ، صابر جاذب ، خالق داد خاکی ، حبدار حسیبن شاہ المعروف حبدار قائم اورابصار حیدری جیسے باکمال لوگ شامل ہیں ۔ ان کی کتابوں شاعری اور نثر پرسیر حاصل بحث کی گئی ہے ۔ نثر نگاری اور تنقید کے میدان میں عاصم بخاری ، شبیر ناقد ،خالق داد چھینہ اور فقیر امداد حسین کے تنقیدی نظریات اور خدمات ادب شامل کتاب ہیں ۔اقبال حسین کی تیسری کلیات ، ماہنامہ ارژنگ کی ادبی مساعی ، ابی ستارے اور راحت نعت جیسے ادبی عنوانات بھی قابل مطالعہ ہیں ۔
لیہ سے شائع ہونے والے تھل میگزین پر خصوصی تبصرہ علاقائی ثقافت اور ادب کا آینہ دار ہے ، بھکر کی ادبی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ برائے سال۲۰۲۳ ایک جامع مضمون ہے جس میں بھکر کی ادبی شخصیات کتب اور ادبی تنظیموں و دیگر ادبی مساعی کے حوالے سے بھرپور معلومات دی گئے ہیں ۔ ٫٫ شذرات مقبول ،، میں عاقائی سطح پر تخلیق ہونے والے شعری اور نثری ادب کی نشان دہی کی گئی ہے جس سے مقبول ذکی کی شعر و ادب سے محبت کا انداذہ ہوتا ہے ۔انہوں نے ادبی اکابرین کے فن اور موضوعات سے قارئین کو متعارف کرایا ہے اور اپنے قلم کے جواہر سے بھی عوام کو آگاہ کیا ہے ۔ بھکر کے بزرگ شاعر غلام محمد کوٹلہ جامی مرحوم کی ادبی خدمات کو تابندہ رکھنے کے لئے انہوں نے ایک ادبی ایوارڈ جاری کیا ہے جو ان کی تنظیم بزمِ اوجِ ادب کی طرف سے ہر سال کسی نمایاں ادبی شخصیت کو دیا جاتا ہے ۔ مقبول ذکی مقبول نے تھل صحرا میں علم وادب کی شمع روشن کی ہے اور اس کی آبیاری کے لئے اپنے محدود وسائل کے باوجود پوری محنت اور کاوش کر رہے ہیں، اللّٰہ ان کے علم اور قلم کے استعداد میں مزید اضافہ فرمائے اور ان کی تازہ تخلیقات دیکھنے کو ملیں ۔آمین
*
پروفیسر جاوید عباس جاوید
بھکر
تمام تحریریں لکھاریوں کی ذاتی آراء ہیں۔ ادارے کا ان سے متفق ہونا ضروری نہیں۔
کیا آپ بھی لکھاری ہیں؟اپنی تحریریں ہمیں بھیجیں، ہم نئے لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ |