قائداعظم ٹرسٹ کے زیراہتمام یومِ پاکستان کی تقریب
تحریر: عبدالوحید خان، برمنگھم (یوکے)
قائداعظم ٹرسٹ یوکے کے زیراہتمام یوم قرار داد پاکستان 23 مارچ 1940 کی یاد میں 23 مارچ 2025 کو برمنگھم میں سہارا ریستوران میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جسکی صدارت ٹرسٹ کے چئیرمین راجہ محمد اشتیاق نے کی جبکہ پاکستان سے نجی دورے پر آۓ ہوۓ محکمہ تعلیم صوبہ پنجاب کے ایڈیشنل سیکرٹری چوہدری ضیغم نواز نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جبکہ نعتِ رسولِ مقبول ﷺ کی سعادت محمد عجائب مغل نے حاصل کی-
اس موقع پر مہمان خصوصی چوہدری ضیغم نواز، میزبان راجہ محمد اشتیاق کے علاوہ بیرسٹر عمر بنیامین ، بیرسٹر شہزاد کریم چوہدری، حافظ سعید احمد مکی، پیر طیب الرحمٰن قادری، راجہ بابر سلیم، عبدالوحید خان، افتخار احمد جگنو نے بھی تقریب سے خطاب کیا- قبل ازیں تقریب کے شرکإ پاکستانی پرچم لہراتے ہوۓ لیڈی پول روڈ پر ریلی نکال کر ”پاکستان زندہ باد“ اور بانی پاکستان ”قائداعظم زندہ باد“ کے واشگاف نعرے لگاتے ہوۓ ریستوران پہنچے تھے-
چوہدری ضیغم نواز نے قائداعظم ٹرسٹ یوکے کے چئرمین راجہ محمد اشتیاق کی خدمات اور پاکستان سے محبت کی تعریف کرتے ہوۓ کہا کہ پاکستان سے باہر بسنے والے پاکستانی وطنِ عزیز کی نہ صرف زرمبادلہ بھیج کر بہت بڑی خدمت سرانجام دیتے ہیں بلکہ مختلف قومی تہواروں کو منا کر ایک سچے اور محبِ وطن پاکستانی ہونے کا ثبوت بھی دیتے ہیں لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ اس رشتے کو کمزور نہیں ہونا چاہئے اور نئی نسل کو بھی پاکستانی کلچر، زبان اور ثقافت سے روشناس کرانے کی ضرورت ہے جسکے لۓ قائداعظم ٹرسٹ کی خدمات قابلِ ستائش ہیں انہوں نے اس موقع پر رمضان المبارک کا مہینہ ہونے کے باوجود پاکستان کے حوالے سے تقریب کے انعقاد پر شرکإ کو مبارکباد دی اور بتایا کہ پاکستان ڈے 23 مارچ کو اس لۓ مناتے ہیں کہ ہمارا پہلا آئین بھی 23 مارچ 1956 کو نافذالعمل ہوا تھا جبکہ قرارداد لاہور جو 23 مارچ 1940 کو لاہور کے منٹو پارک جسے بعد میں اقبال پارک کا نام دیا گیا میں منظور ہوئی تھی جسکو مسلم مخالف پریس نے طنزيہ طور پر قرارداد پاکستان لکھا لیکن برصغیر کے مسلمانوں نے بانی پاکستان کی انتھک اور ولولہ انگیز قیادت میں وطنِ عزیز پاکستان کا قیام ممکن کر دیا جہاں ہم آزادی سے جی رہے ہیں-
ایڈیشنل سیکرٹری تعلیم پنجاب چوہدری ضیغم نواز نے تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوۓ کہا کہ اس وقت پاکستان میں تقریباً دس ملین سے زیادہ بچے سکولوں سے باہر ہیں اور ضرورت اس امر کی ہے ایسے بچوں کے لۓ تعلیم کے دروازے کھولے جائیں تاکہ وہ معاشرے کے باعزت شہری بن کر معاشرے کی تعمیروترقی کے لۓ اپنا مثبت کردار ادا کر سکیں انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے حصول کے لۓ محکمہ تعلیم ہر سال بڑے پیمانے پر مہم چلاتا ہے تا کہ زیادہ سے زیادہ بچوں کو سکول میں داخل کیا جاۓ اور انہیں زیورِ تعلیم سے آراستہ کیا جاۓ انہوں نے اس موقع پر اوورسیز پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ جہاں اپنے عزیز و اقارب کی مالی مدد کرتے ہیں تو اس امر کو یقینی بنائیں کہ وہاں پر بچوں کو تعلیم ضرور دی جاۓ اور اگر انکے بھیجے ہوۓ پیسوں سے انکے عزیز و اقارب اپنے ارد گرد میں کسی ایسے بچے کو جو سکول نہیں جا رہا اگر سکول بھجوانا شروع کرا دیں تو یقیناً یہ انکے لۓ صدقہ جاریہ ہوگا-
چوہدری ضیغم نے تقریب میں مدعو کرنے پر قائداعظم ٹرسٹ کے چئیرمین راجہ محمد اشتیاق اور انکے رفقائے کار کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان میں محکمہ تعلیم سے متعلقہ کسی بھی جائز کام کے لۓ ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی-
تقریب کے میزبان راجہ محمد اشتیاق نے تمام حاضرین اور پاکستانی قوم کو یومِ قراردادِ پاکستان کی مبارکباد دیتے ہوۓ کہا کہ قائداعظم ٹرسٹ کا قیام 1998 میں عمل میں آیا اور ہم ہر سال وطنِ عزیز پاکستان کے حوالے سے یومِ آزادی پاکستان ، یومِ قرار دادِ پاکستان، یومِ دفاع پاکستان، اور قائداعظم محمد علی جناح و مصورِ پاکستان شاعر مشرق علامہ اقبال کے یوم پیدائش و یومِ وفات پر تقریبات کا انعقاد کرتے ہیں تاکہ یہاں پر موجود پاکستانی کمیونٹی کا وطن عزیز سے رابطہ مضبوط ہو اور انہیں اپنے قومی ایام کے حوالے سے اور قومی رہنماٶں کی خدمات سے آگاہی رہے- انہوں نے کہا کہ قائداعظم ٹرسٹ بلاتفریق سیاسی نظریات و سیاسی وابستگی تمام پاکستانیوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرتا ہے اور تعلیم، تربیت اور شریعت کے رہنما اصول کو مدنظر رکھ کر اپنے نوجوانوں کو پاکستان اور برطانیہ کی تعمیر و ترقی کے لۓ بھرپور کردار ادا کرنے کی ترغیب دیتا ہے تاکہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین سفارتی، اقتصادی، معاشی اور سیاسی طور پر تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جا سکے-
راجہ محمد اشتیاق نے کہا کہ پاکستان ہماری ”مادرِ وطن“ ہے تو برطانیہ ہمارا ”ہوم لینڈ“ ہے اس لۓ ہمیں ہمیشہ پاکستان کے ساتھ ساتھ برطانیہ کے لۓ بھی خیر و برکت کی دعا مانگنی چاہئے-
قائداعظم ٹرسٹ کے جنرل سیکرٹری بیرسٹر عمر بنیامین نے اپنے خطاب میں 23 مارچ 1940 کے تاریخی حوالے سے گفتگو کی اور قائداعظم ٹرسٹ کے اغراض و مقاصد بیان کۓ جبکہ ٹرسٹ کے وائس چئرمین بیرسٹر شہزاد کریم چوہدری نے تمام پاکستانیوں کو یومِ پاکستان کی مبارکباد دیتے ہوۓ اس توقع کا اظہار کیا کہ وہ وطن عزیز کی تعمیر و ترقی کے لۓ بھرپور کردار ادا کریں گے-
حافظ سعید احمد مکی نے کہا کہ وطنِ عزیز پاکستان میں اگرچہ کئی طرح کے مسائل سر اٹھا رہے ہیں جن سے پاکستانی کمیونٹی میں تشویش پائی جاتی ہے لیکن ہمیں حضرت یعقوب علیہ السلام کی سنت کی پیروی کرتے ہوۓ امید کا دامن نہیں چھوڑنا چاہئے اور اللہ کی رحمت سے کبھی مایوس نہیں ہونا چاہئے اور ہمیشہ مثبت طرزِ عمل اختیار کرنا چاہئے-
سابق پارلیمانی امیدوار راجہ بابر سلیم نے کہا کہ پاکستان قونصلیٹ میں بھی یوم پاکستان کے حوالے سے آج صبح تقریب منعقد کی گئ تھی جس میں صدر اور وزیراعظم پاکستان کے پیغام بھی پڑھ کر سناۓ گۓ لیکن رمضان کی وجہ سے حاضری زرا کم تھی اور قائداعظم ٹرسٹ نے رمضان کے دن ہونے کے باوجود پاکستان کے حوالے سے ریلی نکال کر اور تقریب منعقد کر کے وطنِ عزیز سے اپنی اپنی بے پناہ محبت کا ثبوت دیا ہے جسکے لۓ راجہ محمد اشتیاق اور انکی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہئے کے رمضان المبارک کے ان دنوں میں بطور خاص وطنِ عزیز کی سلامتی، استحکام اور تعمیر و ترقی و عوام کی خوشحالی کے لۓ خصوصی دعاٶں کا اہتمام کریں اس موقع پر دیگر مقررین نے بھی پوری پاکستانی قوم کو یوم پاکستان کی مبارکباد دیتے ہوۓ وطن عزیز کی نیک نامی اور تعمیر و ترقی کے لۓ انفرادی سطح پر اپنا اپنا بھر پور کردار ادا کرنے کے تجدید عہد کی اہمیت پر زور دیا- تقریب کے اختتام پر پیر طیب الرحمٰن قادری نے پاکستان کی سلامتی، استحکام، ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لۓ اجتماعی دعا کرائی- (ختم شد)

تمام تحریریں لکھاریوں کی ذاتی آراء ہیں۔ ادارے کا ان سے متفق ہونا ضروری نہیں۔
کیا آپ بھی لکھاری ہیں؟اپنی تحریریں ہمیں بھیجیں، ہم نئے لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ |