مظہر علی کھٹڑ اور ثنائے نعت
تبصرہ نگار : نیاز خان اعوان
بڑی خوشی کی بات ہے کہ ملک کے طول و عرض سے نعتیہ مجموعے شائع ہو رہے ہیں اور منظرِ عام پر آرہے ہیں ، نعت خوانوں اور صاحبِ ذوق حضرات کی تشنگی بجھانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں ۔ اللّٰہَ تعالٰی ان سب کی کاوشیں اپنے در میں منظور و قبول فرمائے اور انھیں جزائے خیر دے ۔
مظہر علی کھٹڑ بھی ان میں سے ایک نعت گو شاعر ہیں ۔ جن کا تعلق مہورہ تحصیل فتح جنگ ضلع اٹک سے ہے ۔ ان کا پہلا نعتیہ مجموعہ ثنائے نعت 2023 ء میں شائع ہوا ، جو سید حبدار قائم صاحب کی وساطت سے مجھے ملا ، دیکھنے اور پڑھنے کا اتفاق ہوا ۔ ان کا یہ نعتیہ مجموعہ انفرادیت کا پہلو لیے ہوے ہے ، ان کا یہ نعتیہ مجموعہ 178 صفحات پر مشتمل ہے اور اس نعتیہ مجموعے میں ان کی دو حمدیہ نظمیں ، دو دعائیہ نظمیں ، انہتر نعتیں اور چودہ منقبتی نظمیں شامل ہیں ۔ ان کی سب نعتیں اور نظمیں غزل نما ہیں ، جس کی وجہ سے ان کی نعتوں اور نظموں میں غنائیت پیدا ہو گئی ہے ۔ انھوں نے اپنی نعت گوئی کے لیے طویل و قلیل اور سالم و مزاحف بحور سے استفادہ کیا ہے ۔ انھوں نے صنعتِ تلمیع کا استعمال بہت خوب صورتی سے کیا ہے ۔ انھوں نے اپنے کلام کے اظہار کے لیے آسان اور عام فہم زبان کا استعمال کیا ہے ، جو کہ ان کی شاعری کا خاص وصف ہے ۔ ان کی نعت گوئی سے ان کی رسولِ پاک صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم سے والہانہ عقیدت و محبت کا اظہار ملتا ہے ۔
ان کی نعت گوئی سے نعتیہ اشعار کے کچھ نمونے ملاحظہ فرمائیں :
سفر ہے نرالا مزا پا رہے ہیں
دیارِ نبی کی طرف جا رہے ہیں
بڑی ہی دلنشیں پائی فضا ان کے مدینے میں
سدا رہتی ہے رحمت کی گھٹا ان کے مدینے میں
گزارے جا ہستی تو سنت پہ چل کر
تو درسِ بھلائی سبھی کو دیے جا
محبت کرے جو حبیبِ خدا سے
اے مظہر ! اسی سے محبت کیے جا
ہمیں جاں سے پیارے وہ لگتے ہیں سارے
جو نعتیں نبی کی سناتے ہیں عاشق
ہر طرف دنیا میں جس کی ہے مہک پھیلی ہوئی
گل یہ بی بی آمنہ کے گھر کھلا ہی خوب ہے
محمد ص کا ثانی جہاں میں نہیں ہے
وہ صورت خدا نے بنائی ہے ایسی
ایسا حسیں نہیں ہے سارے جہاں میں دیکھو
محبوب ہے خدا کا یہ رسول آخری ہے
نبی سے محبت کرے گا جو مظہر
قیامت میں اس کو ندامت نہ ہوگی
جہاں بھر میں ایسے کہیں بھی نہ دیکھے
جو دیکھے نظارے مدینہ میں جا کر
صداقت کے چرچے زمانہ میں جن کے
وہ صادق امیں ہیں ہمارے محمد صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم
غریبوں یتیموں کو دے دو سہارا
سبق یہ بشر کو سکھایا نبی نے
نیاز خان اعوان
11 جولائی 2024 ء
تمام تحریریں لکھاریوں کی ذاتی آراء ہیں۔ ادارے کا ان سے متفق ہونا ضروری نہیں۔
کیا آپ بھی لکھاری ہیں؟اپنی تحریریں ہمیں بھیجیں، ہم نئے لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ |