مقبول ذکی کا سرائیکی مجموعہ کلام (سجدہ)
تبصرہ نگار : پروفیسر جاوید عباس جاوید ، بھکر
منکیرہ کی سر زمین سے اردو اور سرائیکی شاعری میں نوجوان شعراء نے بھر پور حصہ لینا شروع کیا ہے ۔ اس سلسلہ میں سب سے پہلے مرحوم علی شاہ کے اردو اور سرائیکی مجموعہ کلام شائع ہوئے ۔ اس کے بعد جناب محمد اقبال بالم کا ایک اردو اور ایک سرائیکی مجموعہ کلام شائع ہوا ۔ اب منکیرہ کے معروف شاعر جناب مقبول ذکی مقبول کا سرائیکی مجموعہ کلام ، سجدہ کے نام سے منظر عام پر آگیا ہے ۔ یہ کلام خالص مذہبی اور عقیدت مندانہ نظریات اور واقعات پر مشتمل ہے جس سے شاعر کی اللّٰہ ، رسول خدا صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم اور خانوادہ رسول صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم سے عقیدت کا والہانہ اظہار سامنے آتا ہے اور شاعر کے نظریات فن شاعری کا پتہ چلتا ہے ۔ مجموعہ کلام سجدہ آرٹ لینڈ چوک اعظم ( لیہ) سے شائع ہوا ہے ۔ اس کی قیمت 350 روپے ہے اور 172 صفحات پر مشتمل ہے ۔ کاغذ معیاری ہے اور سرورق رنگین ، دیدہ زیب ہے ۔
سرائیکی شاعری وقت کے ساتھ ترقی کررہی ہے اور اس میں نئے شاعروں کا اضافہ خوش آئند ہے جن میں مقبول ذکی مقبول کا نام اہم ہے ۔ مقبول ذکی نے اپنے سرائیکی مذہبی کلام کو آٹھ حصوں میں تقسیم کیا ہے ۔
پہلے حصے میں حمدیہ کلام ہے ۔ دوسرے حصے میں نعتیہ کلام ہے ۔ تیسرے حصے میں میلاد پاک کا ذکر مبارک ہے ۔ چوتھے حصے میں امام حسین علیہ السّلام کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے ۔ پانچویں حصے میں حضرت امام علی علیہ السّلام شان میں منقبت تحریر کئے گئے ہیں ۔ چھٹے حصے میں مسدس ، ساتویں حصے میں حسینی دوہڑے اور آخری حصے میں دعائیہ کلام ہے سرائیکی شاعری علاقہ بھکر میں عام طور پر ذکرِ رسول صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم اور واقعہ کربلا کے حوالے سے ترقی کر رہی ہے ۔ غلام سکندر خان ، شرف حسین اور دیگر قدیمی سرائیکی شاعروں کا تذکرہ اور کلام خلشِ پیر اصحابی کی لکھی ہوئی سرائیکی ادب کی تاریخ بھی موجود ہے ۔ وقت کے ساتھ ساتھ سرائیکی مشاعروں میلاد کی محفلوں ، مجالس اور جشن نوروز کے حوالے سے مذہبی اور ادبی خدمات سر انجام دے رہی ہے ۔ مقبول ذکی مقبول کا طرز کلام بھی روائتی مذہبی اور رثائی ادب کی ایک کڑی ہے ۔ نمونہ کلام درجِ ذیل ہے ۔
حمدیہ :
بولے جیہڑا باجھ زبان اوتاں رب ہے
تانڑیں باجھ ستون اسمان اوتاں رب ہے
خشک زمین کوں ڈیوے جان اوتاں رب ہے
جوڑے خاک وچوں انسان اوتاں رب ہے
دریا ، صحراواں وچکار اوندی خوشبو
شرقاً غرباً پار اروار اوندی خوشبو
نعت
نال روزے دے بہہ نعت لکھدا راہواں
ڈیہنہ او آوے دعائیں اے منگدا رہواں
پاک محفل سجے ، عرشی فرشی آون
میکوں رنگ لگ ونجن نعت پڑھدا رہواں
شرف میڈی زباں تے قلم کوں ملے
صدق مقبول لکھاں میں لکھدا راہواں
قطعہ
جئیں وی دل وچ پیار حسین ؑ دا پایا ہے
جنت وچ اوں گھر گھر لاریب بنایا ہے
میڈے مولا ؑپڑھ کے خنجر ہیٹھ نماز
نانے ﷺ سئیں دا دین حسین ؑ بچایا ہے
مقبول ذکی مقبول کے اس سرائیکی مجموعہ کلام کے آغاز میں کوئی تعریفی تحریر پیشِ کی۔ لفظ تعارف یا دیباچہ نہیں ہے ۔ انہوں نے اپنے کلام کو ہی اپنی پہچان اور تعارف بنا کر عوام کے سامنے پیش کیا ہے ۔ اب یہ ادب شناس لوگوں کا فرض ہے کہ ان کے کلام کا بغور مطالعہ کر کے داد سخن دی اور ان کے کلام کی قدرو قیمت کا تعین کریں اور شاعر کی حوصلہ افزائی کریں ۔” سجدہ” تھل کے مرکز منکیرہ سے شائع ہونے والی اولین سرائیکی کتابوں میں سے ہے اور اس کی اشاعت سے مقبول ذکی مقبول کا نام ادبی تاریخ کا حصہ بن گیا ہے ۔ ان کو اس خوبصورت تخلیق پر علمی اور ادبی حلقوں کی طرف سے مبارکباد قبول ہو
پروفیسر جاوید عباس جاوید ، بھکر
تمام تحریریں لکھاریوں کی ذاتی آراء ہیں۔ ادارے کا ان سے متفق ہونا ضروری نہیں۔
کیا آپ بھی لکھاری ہیں؟اپنی تحریریں ہمیں بھیجیں، ہم نئے لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ |