مقبول ذکی مقبول اچھا اور سچا شاعر
تحریر : گُلشن آراء طارق ( لاہور )
مقبول ذکی مقبول سے میری پہلی ملاقات ناصر باغ چوپال میں ہوئی جب وہ ایک ایوارڈ تقریب میں ایوارڈ وصول کرنے کے لیے لاہور تشریف لائے تھے ۔ نام ور شاعر اور پبلشر عقیل شافی خُوبصورت لہجے میں تقریب کی نظامت کر رہے تھے ۔ مجھے اچھی طرح یاد ہے کہ وہاں اس پروگرام میں مجھے اور مقبول ذکی مقبول کو اکٹھے ایوارڈ ملا تھا ۔ بعد میں بھی ان سے گاہے بگاہے ادبی پروگراموں اور مشاعروں میں ملاقات کا شرف حاصل ہوا ۔ مقبول ذکی مقبول اچھے بھلے مانس اور شریف شخص ہیں ۔ لوگوں کی عزت کرتے اور اُن سے کرواتے ہیں ۔ ان کا یہ سلسلہ عام لوگوں کے لیے بھی ہے چاہے وہ شاعر ہوں یا نہ ہوں میں اُن کی شاعری اور نثر دونوں کی مداح ہوں وہ قلم اور کاغذ سے بھی اپنا رشتہ نِبھا رہے ہیں اور شاعروں اور شاعرات سے بھی ۔ وہ پورے مُلک میں سبھی شاعروں ، ادیبوں اور شاعرات سے مراسم قائم رکھے ہوئے ہیں ۔ ان سے روابط رکھنا وہ اپنا فرض سمجھتے ہیں کیونکہ وہ کہتے ہیں کہ یہ ادب قبیلہ میری فیملی ہے میرا خاندان ہے وہ لوگوں کے دُکھ سُکھ میں بھی شامل ہوتے ہیں ۔
مجھے اچھی طرح یاد ہے چند سال قبل جب میں طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے ہسپتال میں داخل تھی تو مجھے تواتر کے ساتھ مقبول ذکی مقبول کا فون آتا تھا ۔ یہ اُن کے احساس ہمدردی اور سنجیدہ ہونے کی ایک چھوٹی سی مثال ہے ۔ آج کل اُن کے شب و روز ادب کے فروغ کے لیے مختلف سکیمیں سوچنے اور اُن پر عمل کرکے کامیاب کرنے پر گُزرتے ہیں ۔ اِن دونوں وہ دھڑا دھڑ ادبی کام کر رہے ہیں ۔ بہت تھوڑے عرصہ میں اُنہوں نے بہت سا ادبی کام کر لیا ہے ۔ ان کی بہت سی کتابیں شائع ہوچکی ہیں ۔ یہ کتابیں نہ صِرف شائع ہوچکی ہیں بلکہ علمی ادبی اور عوامی حلقوں سے خُوب کامیابی اور پسندیدگی کی سند بھی حاصل کر چکی ہیں ۔ ان کا طرزِ اسلوب سادہ مگر دِلکش ہے ۔ ان کی تحریروں کو جب کوئی پڑھنا شروع کرتا ہے تو پڑھتا ہی چلا جاتا ہے وہ سچ بولتے ہیں سچ لکھتے ہیں وہ اچھے اور سچے لکھاری ہیں ۔ ان کے قول اور فعل میں تضاد نہیں ۔ جو کہتے ہیں وہی کرتے ہیں اُن کے لکھنے کا انداز منفرد اور دلچسپ ہے ان کا مطالعہ اور مشاہدہ وسیع ہے جو ان تحریروں میں نمایاں دکھائی دیتا ہے ۔ مقبول ذکی مقبول اچھے اخلاق کے مالک ہیں عاجزی اور انکساری بھی ان کی ذات کا خاصا ہے مغرور لوگوں کو وہ اچھا نہیں سمجھتے وہ سب کو پیار ، محبت ، اخلاق اور امن کا درس دیتے ہیں ان کے خیال میں مختصر سی زندگی کو پیار ، محبت اور امن سے گزارنا عقل مندی ہے ۔
آخر میں مقبول ذکی مقبول کے مجموعہ کلام ٫٫ اندازِ بیاں دیکھ ،، میں سے دو فرد قارئین کی نظر کرتی ہوں جو وطن کے حوالے سے ہیں ۔
بڑا خُوب صورت وطن ہے ہمارا
خُدا کے کرم سے بنے یہ نظارے
سبز ہلالی پرچم نے ہی
دی ہے سچ میں عظمت ہم کو
تمام تحریریں لکھاریوں کی ذاتی آراء ہیں۔ ادارے کا ان سے متفق ہونا ضروری نہیں۔
کیا آپ بھی لکھاری ہیں؟اپنی تحریریں ہمیں بھیجیں، ہم نئے لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ |