تابندہ سلیم کی کتاب ” لفظ بولتے ہیں”

تابندہ سلیم کی کتاب ” لفظ بولتے ہیں”

تحریر: پروفیسر محمد اکبر خان

لفظ بولتے ہیں محترمہ تابندہ سلیم کے کالموں کا مجموعہ ہے. وہ ایک مدت سے ملک کے مختلف اخبارات میں کالم نگاری کر رہی ہیں. تابندہ سلیم ایک تجربہ کار کالم نگار ہیں جنہوں نے مختلف النوع موضوعات پر دلچسپ اور معیاری کالم تحریر کرکے اپنا لوہا منوایا ہے. انہوں نے اپنی کتاب کا انتساب اپنی والدہ کے نام کیا ہے وہ لکھتی ہیں "اس ہستی کے نام جس کی گود میری پہلی درسگاہ تھی میری ماں کے نام کہ ان کا سکھایا ہوا آج صفحہ قرطاس پر منتقل ہوا” انہوں نے اپنی کتاب کے اغاز میں اظہار تشکر کے زیر عنوان تحریر فرمایا ہے کہ” میرے کالموں کا مجموعہ لفظ بولتے ہیں کو تحریر کرنے کے دوران بہت سے ایسے مواقع آئے کہ جب میری ہمت اور حوصلہ جواب دے گیا، دل اچاٹ ہوا تو میں نے اللہ تعالی سے کامیابی کی دعا کی اللہ تعالی جو اپنے بندوں کو کبھی ناکام نہیں دیکھ سکتا اس نے مجھے ایسی سرفرازی بخشی جو آج آپ کے سامنے ہے میرے والدین اور دوست احباب نے بھی میری ہمت کو بڑھایا میرے لیے اور میری کامیابی کی دعا کی اسی طرح میرے کولیگز نے بھی بہت حوصلہ افزائی کی جن کی تہہ دل سے شکر گزار ہوں اور سمجھتی ہوں کہ ان معاملات میں مخلص دوست احباب کی حوصلہ افزائی اور رہنمائی کی وجہ سے میرے کالموں کا مجموعہ لفظ بولتے ہیں آپ تک پہنچ سکا”. کتاب کا بغور مطالعہ ہمیں یہ آگاہی فراہم کرتا ہے کہ اس کتاب میں 1994 سے 2023 تک لکھے گئے کالموں کو شامل کیا گیا ہے اس اعتبار سے یہ ان کے کالموں کا ایک انتخاب محسوس ہوتا ہے. کتاب کے اخر میں انہوں نے تمام کالموں کی اشاراتی ترتیب اور ان اخبارات کے نام بھی تحریر کر دیے ہیں جہاں وہ کالم طبع ہوئے۔
"عابد محمود عزام کالم نگاری کے بارے میں لکھتے ہیں کہ” کالم نگاری کی سماجی و سیاسی،تہذیبی و تمدنی،اخلاقی اور ہمہ گیر وسعت و معنویت اور افادیت و اہمیت سے انکار ممکن نہیں۔ کئی کالم نگاروں کی تحریروں نے قارئین کی ذہنی سطح بلند کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔کئی کالم نگار اپنے قارئین کو مختلف موضوعات پر نئے زاویے اور جدید خیالات سے روشناس کراتے ہیں، جس کی بدولت لوگوں میں کسی جماعت یا مکتبہ فکر کی اندھی تقلید کے بجائے حقائق پر مبنی رائے رکھنے کا رحجان پیدا ہوتا ہے۔ مخلص اور اچھا کالم نگار ہزاروں لوگوں کی کردار سازی کرسکتا ہے۔اس کا قلم غلط کو غلط اور صحیح کو صحیح ثابت کرنے کی طاقت رکھتا ہے۔ اس کے الفاظ رائے عامہ بدلتے ہیں۔ اس کے نظریات و افکار قارئین کے ذہنوں میں جگہ بنا لیتے ہیں۔

تابندہ سلیم کی کتاب ” لفظ بولتے ہیں”

سچا کالم نگار اپنے قارئین سے محبت کرتا ہے اور محبت میں جھوٹ، ریاکاری اور منافقت نہیں ہوتی، بلکہ حق اور سچ ہوتا ہے۔ وہ اخلاص، مثبت اور معتدل سوچ کے ساتھ لکھتا ہے اور اپنے مفادات کی خاطر کبھی ضمیر کا سودا نہیں کرتا۔اس کے پیش نظر حقائق ہوتے ہیں۔ کالم نگار ایک مصلح کی طرح ہوتا ہے۔ معاشرے کے سامنے صحیح اور غلط راہ کی نشاندہی کرنا اس کی ذمے داری ہوتی ہے”۔


تابندہ سلیم کے کالمز میں آپ کو درج بالا خصوصیات اپنی پوری تابانی سے روشن دکھائی دیں گی۔
ان کے اس مجموعے میں 43 مختلف موضوعات پر کالم موجود ہیں انہوں نے اسلامی موضوعات کے علاوہ قومی موضوعات پر بھی کافی کچھ لکھا ہے ۔وہ اتحاد اتفاق ترقی اور انسانی خوشحالی کی قائل ہیں۔انہوں نے کتب بینی ،سوشل میڈیا کا مثبت استعمال، معاشرے میں میڈیا کے کردار، حکومتوں کی ثقافتی پالیسی سے لے کر یوم آزادی ، زرعی ادویات کے احتیاطی استعمال ، لائیو سٹاک اور دیگر قومی اور ملی موضوعات کے بارے میں بہترین کالم تحریر فرمائے ہیں. ان کی تحریر میں رعنائی حسن اور تابندگی بدرجہ اتم پائی جاتی ہے ۔وہ نہایت سادہ رواں اور سلیس انداز میں اپنا نکتہ نظر بیان کرتی ہیں۔ ان کے ہاں بوجھل اعداد و شمار کی بھرمار نہیں ہوتی البتہ وہ ہر موضوع پر اتنی جامعیت سے قلم اٹھاتی ہے کہ تحریر کا حق ادا ہو جاتا ہے۔


ان کی یہ کتاب پریس فار پیس پبلیکیشنز کے زیر اہتمام شائع کی گئی ہے یہ ایک ایسا ادارہ ہے جس نے انتہائی قلیل مدت میں نہایت اعلی کتابیں شایع کی ہیں۔ پروفیسر ظفر اقبال کی رہنمائی میں ادارے کے تحت متنوع موضوعات پر برطانیہ سمیت تین ممالک سے بہت سی خوبصورت کتابیں شائع ہو کر قارئین کے دلوں میں مقام بنا چکی ہیں۔ ادارے کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ طباعت کے معیار پہ کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاتا اور اعلی ترین معیار کو بہر صورت برقرار رکھا جاتا ہے۔

پروفیسر محمد اکبر خان

پروفیسر محمد اکبر خان

تمام تحریریں لکھاریوں کی ذاتی آراء ہیں۔ ادارے کا ان سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

streamyard

Next Post

تنظیم المدارس اہل سنت پاکستان میں تحفیظ القرآن کا امتحان

اتوار اگست 18 , 2024
پاکستان میں مدارس کے بڑے تعلیمی بورڈ تنظیم المدارس اہل سنت پاکستان کے تحت ضلع اٹک میں شعبہ حفظ کے امتحانات کے تسلسل میں
تنظیم المدارس اہل سنت پاکستان میں تحفیظ القرآن کا امتحان

مزید دلچسپ تحریریں