کوئی شقُّ القمر کا معجزہ دکھلائے گا کیسے؟
کوئی شقُّ القمر کا معجزہ دکھلائے گا کیسے؟
مرے سرکار ﷺ کا ثانی زمانہ لائے گا کیسے؟
مدینے کا تصوّر جاگُزیں رہتا ہو جس دل میں
خیالِ گردشِ دوراں اُسے اُلجھائے گا کیسے؟
نبی ﷺ کی سنّتیں یہ درس دیں گی ہر مسلماں کو
پیے گا کس طرح پانی، وہ کھانا کھائے گا کیسے؟
ہمیں اُس سبز گنبد سے محبّت ہی کچھ ایسی ہے
نگاہوں کو ہماری رنگِ دیگر بھائے گا کیسے؟
رسولِ پاک ﷺ خود صدّیقؓ سے کہتے ہیں "لاتحزن”
خدا اب دیکھنا اُن کی مدد فرمائے گا کیسے؟
مدینے کی مسافت میں ہوں سب سے پوچھتا جاتا
مدینہ آئے گا کب تک، مدینہ آئے گا کیسے؟
قیامت تک چمکنا اور دمکنا اِس کی منزل ہے
مہِ ختمِ رسالت ﷺ ہے تو پھر گہنائے گا کیسے؟
درود اُن کی مبارک ذات پر پڑھ کر کبھی دیکھو
یہ بادل نور کی برسات میں نہلائے گا کیسے؟
اگر یہ دل نہ اُن کے عشق میں سرشار ہو یاورؔ!
تو مجھ کو نعت کہنے کا سلیقہ آئے گا کیسے؟

تمام تحریریں لکھاریوں کی ذاتی آراء ہیں۔ ادارے کا ان سے متفق ہونا ضروری نہیں۔
کیا آپ بھی لکھاری ہیں؟اپنی تحریریں ہمیں بھیجیں، ہم نئے لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ |