نعت گوئی قریباً دنیا کی ہر زبان کے شعری مجموعے کا ایک حصّہ ہے اور خصوصاً اسلامی ممالک میں بولی جانے والی زبانوں کے لئے تو جزو لازم ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ فصاحت و بلاغت کی معراج اور سند مدح ممدوح خدا محمد مصطفےٰ ﷺ ہے، چاہے وہ نثر ہو یا نظم۔ چنانچہ ہر زبان اس کا ایک گراں قدر ذخیرہ رکھتی ہے۔ لیکن زبان عربی جو نہ صرف فصاحت و بلاغت میں اپنا ثانی نہیں رکھتی بلکہ کتاب ہدایت قرآن کریم کی زبان ہونے کی وجہ سے مقدّس و متبرک بھی ہے، اپنے جلو میں نعتیہ کلام کا ایسا بحر ذخار رکھتی ہے جس کی روانی کے آگے دیگر زبانوں کے کلام بلحاظ کیفیت و کمیت جوے کم آب سے زیادہ نہیں۔ آغاز دین مبین سے تاحال عرب نعت گو شعرا کے شاہکار کلام اس کے دامن کو مالا مال کرتے رہے ہیں۔ حضرت حسّان بن ثابت ٖؓ کے بعد جس کے کلام کو شہرت عام اور بقائے دوام حاصل ہوا وہ امام بوصیریؒ ہیں۔ جن کا شہرہ عام قصیدہ بردہ شریف نہ صرف کثرت سے پڑھا جاتا ہے بلکہ اس کے حیرت انگیز روحانی خواص بھی بیان کیے گئے ہیں۔ عقل ان کو تسلیم کرے نہ کرے لیکن کوئی بھی اعجاز مدح محمد ﷺ سے انکار بہرحال نہیں کر سکتا۔اس قصیدے کو سب سے زیادہ مقبولیت مشائخ کے حلقے میں حاصل ہوئی۔ اوارد و وظائف میں اس کے ورد کو خاص اہمیت دی گئی۔ کتب اوراد میں اس کے فضائل و خواص کی بہت تفصیل بیان کی گئی ہے۔ میں یہاں چند خواص جو میرے مطالعے میں ہیں بیان کر رہا ہوں ۔
بحکم خدا و صدقہ محمد و آل محمدﷺ
۔قصیدہ بردہ شریف کو ایک ہزار بار پڑھنے سے عمر میں برکت ہوتی ہے۔
۔ اگر کوئی بلا نازل ہو جائے تو اس کے دفیعہ کیلئے قصیدہ بردہ شریف اکہتر مرتبہ پڑھا جائے۔
۔ اگر کہیں قحط پڑ جائے توقصیدہ بردہ شریف تین سو مرتبہ پڑھنے سے قحط کی مصیبت دور ہوتی ہے۔
۔ مالی پریشانیوں سے حصول نجات کیلئے سات سو بار پڑھنا مفید ہے۔
۔ اگر کسی کے اولاد نرینہ نہ ہوتی ہو توقصیدہ بردہ شریف کو ایک سو سولہ بار پڑھے۔
۔ جب کوئی مشکل یا ناگہانی آ پڑے تو سات سو اکہتر بارقصیدہ بردہ شریف پڑھنے سے آسانی ہوجاتی ہے۔
۔اگر کوئی روزانہ پڑھے یا کوئی دوسرا پڑھ کر دم کر دے تو ہر بلا سے محفوظ رہے۔
۔مسلسل سات جمعۃ المبارک ستّر بار پڑھے تو مالی آسانیاں پیدا ہوں۔
۔اگر سوتے وقت کسی خاص مقصد کے لئے پڑھا جائے تو خواب میں اس کے متعلق معلومات حاصل ہوجائینگی۔
۔ اگر گلاب سے لکھ کر سات روز پیا جائے تو حافظہ قوی تر ہو جائے۔
۔اگر کوئی شدید آفت آجائے تو تین روزے رکھنے اور ہر روز اکیس مرتبہ پڑھنے سے وہ آفت دور ہو۔
۔ جس گھر میں اس کا روزانہ ورد کیا جائے وہ گھر ہر بلا سے محفوظ رہے۔
۔ مسافر اگر دوران سفرقصیدہ بردہ شریف پڑھے تو سفر کی مصیبتوں سے محفوظ رہے۔
۔ مقروض اگرقصیدہ بردہ شریف ایک ہزار بار پڑھے تو قرض سے نجات پائے۔
۔ بے گناہ قیدی روزانہ قصیدہ بردہ شریف کا ورد کرے تو آزادی پائے۔
۔ کھیت میں برکت کیلئے بیج بوتے وقت بیجوں پر پڑھنے سے پیداوار زیادہ ہو۔
اس کے علاوہ قصیدہ بردہ شریف کے ہر شعر کے تفصیلی خواص وفضائل بھی بیان کیے گئے ہیں وہ انشاء اللہ اگلی نشست میں بیان کرونگا۔
جاری …..
تمام تحریریں لکھاریوں کی ذاتی آراء ہیں۔ ادارے کا ان سے متفق ہونا ضروری نہیں۔