بسم اللہ الرّحمن الرّحیم
الحمد للہ رب العالمین و الصّلواۃ و السلام علی سیّدنا و نبیّنا و حبیب قلوبنا ابی القاسم المصطفی محمّد (ص) و علی آلہ الطّیّبین الطّاھرین المنتجبین المعصومین سیّما بقیۃ اللہ فی الارضین السلام علی الصّدیقۃ الطّاہرۃ فاطمۃ بنت رسول اللہ صلی اللہ علیھا و علی ابیھا و بعلھا و بنیھا۔
زمین زندگی اور زمانہ
کاغذ کی صدی کے گزرتے ہی ڈیجٹل انقلاب نے ہمیں چاروں اطراف سے گھیر لیا اور ہم چاہتے نہ چاہتے ڈیجیٹل ہوتے گئے۔ کاغذ کی صدی کے گزرنے سے میری مراد یہ ہر گز نہیں کہ کاغذ کی اہمیت ختم ہوگئی ہے بلکہ میری مراد اس وقت ان بے شمار ڈیجٹل اختراعات ومصنوعات سے ہے جن میں سے ایک پر آپ یہ سطور پڑھ رہے ہیں اور جنہوں نے اب کاغذ کی جگہ لے ہی لی ہے۔ اس انقلاب کے برپا ہونے کے بعد رسائل، اخبارات و میگزین کاغذ سے بتدریج ڈیجیٹل صفحات پر منتقل ہوگئے۔اور مزید ہوتے جائیں گے دیکھئے کس دن نصابی کتب بھی اس میں شامل ہوتی ہیں۔
میں سن 1985 سے کمپیوٹر اور 1997 سے انٹرنیٹ سے وابستہ ہوں۔ویب کا حقیقی عروج 2005 کے بعد شروع ہوا اور تیزی سے ویب گاہیں وجود میں آنا شروع ہوئیں۔ ان میں اردو اور مقامی علاقائی ویب گاہیں بھی منظر عام پر آئیں , جن میں کچھ ہمارے ضلع اٹک سے بھی ہیں، لیکن ان کا موضوع قدرے یکساں و محدود ہے۔
میں ایک عرصے سے ایک ایسی ویب گاہ کی کمی محسوس کر رہا تھا جو اٹک کی زمین ، زندگی اور زمانے کو بنیاد بنا کر ان سے متعلقہ موضوعات کا احاطہ کرے مثلا تاریخ،تہذیب،تمدن،احوال و آثار شخصیات اور تمام ان پہلووں پر مبنی ہو جو اٹک کی زمین، زندگی اور زمانے سے جڑے ہیں۔
یہ ویب گاہ اسی سلسلے میں ایک کوشش ہے ، جسے اٹک کا نام دے کر زمین، زندگی اور زمانہ کے عنوان سے آغاز کیا ہے۔ آپ میرا ساتھ دینا چاہیں تو بسم اللہ ورنہ مجھے تو یہ سفر کرنا ہی ہے۔