حضرت امام جعفر صادق ؑ اور خوفِ خدا

جہانِ رنگ و بو میں عاجزی و انکساری اور تقوٰی کے متعلق انبیاء کرام کے ساتھ آئمہ معصومینؑ نے بہت زور دیا ہے۔ اللہ کا خوف  دل میں لائیں تو نیند نہیں آتی بلکہ آنکھوں سے اشک رواں ہوتے ہیں خوفِ خدا دامن گیر ہوتا ہے اور انسان شب بیداری سے محبت کرتا ہے۔ خوف خدا کے متعلق آغا محمد سلطان مرزا دہلوی نے اپنی کتاب نور المشرقین من حیات الصادقین کے صفحہ 415 پر لکھا ہے۔

مالک بن انسؒ فقیہ مدینہ کہتے ہیں کہ میں اکثر اوقات جناب امام جعفر صادقؑ کی خدمت میں حاضر ہوا کرتا تھا۔ جب بھی میں ان کے پاس گیا ہوں۔ تین حالتوں میں سے ایک حالت میں اُن کو ضرور پایا۔ یا روزہ دار تھے۔ یا نماز میں کھڑے ہوئے تھے۔ یا ذکر خدا کر رہے تھے۔

بہت بڑے عابد تھے۔ سب سے زیادہ زاہد تھے۔

خدا وند تعالٰی سے بہت ڈرتے تھے۔ جناب رسول ﷺ کی احادیث بہت بیان فرمایا کرتے تھے۔ اور آپ کی مجلس میں بیٹھنے سے بہت فوائد حاصل ہوتے تھے۔ ایک سال میں نے ان کے ساتھ حج کیا۔ جب تلبیہ کا وقت آتا تھا لبیک کا لفظ ان کے حلق میں اٹک جاتا تھا اور آواز نہیں نکلتی تھی۔ اور ایسا معلوم ہوتا تھا کہ اب سواری سے گر پڑیں گے۔ میں نے وجہ دریافت کی تو فرمایا کہ میں لبیک کہنے کی کیونکر جرات کروں ۔ ڈرتا ہوں کہ خدا یہ نہ فرما دے ۔

لا لبیک ولا سعدیک

امام جعفر صادقؑ کا تقوٰی اور خوف خدا سے اس کیفیت میں ہونا ہمارے لیے ایک بہترین نمونہ ہے۔ ہم بھی اس طرح  کا عمل بجا لائیں تو ہماری زندگیوں میں بھی عزت ،وقار، مشیت خدا، تقوٰی، اور عجز و انکساری آسکتی ہے۔ لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ "عمل سے بنتی ہے زندگی بھی جنت بھی جہنم بھی ” کے مصداق ہم بھی سیرت معصومین پر چلنے کی سعی کریں۔ اور خوف خدا سے دامن گیر ہو کر شب بیداریوں میں سجدہ ریز ہونے کی سعی کریں  کیونکہ یہی شیعہ اثناء عشری ہونے کی پہچان ہے رات کی تاریکی میں نمازِ شب سے پہلے یا بعد میں صدقہ دینے کی بہت فضیلت ہےکیونکہ رات کی خیرات آتشِ غضبِ خداوندی کو ٹھنڈا کرکے گناہان کبیرہ کو محو کرتی ہے۔

رات کو صدقہ و خیرات کرنے کے متعلق ہی آغا محمد سلطان مرزا دہلوی نے اپنی کتاب نورالمشرقین من حیات الصادقین کے صفحہ نمبر 416 پر لکھا ہے کہ علامہ کلینی نے لکھا ہے کہ جب رات ہوجاتی ہے تو امام جعفر صادقؑ ایک مشک میں روٹیاں ،گوشت اور درہم بھر لیتے تھے اور اپنی پیٹھ پر اٹھا کر لے جاتے تھے اور لوگوں کو یہ راز نہ معلوم ہوتا تھا کہ انہیں یہ چیزیں کون دے رہا ہے۔ جب آپ کا انتقال ہوگیا تو لوگوں نے معلوم کیا کہ یہ امام جعفر صادقؑ لایا کرتے تھے۔

hubdar qaim

سیّد حبدار قائم

کتاب ‘ نماز شب ‘ کی سلسلہ وار اشاعت

تمام تحریریں لکھاریوں کی ذاتی آراء ہیں۔ ادارے کا ان سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

کیا      آپ      بھی      لکھاری      ہیں؟

اپنی تحریریں ہمیں بھیجیں، ہم نئے لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔

[email protected]

Next Post

انسداد پولیو مہم

جمعہ مئی 20 , 2022
انسداد پولیو مہم کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہوا
انسداد پولیو مہم

مزید دلچسپ تحریریں