جغرافیہ ضلع اٹک 1935 قسط چہارم
ایک ریلوے لائن راولپنڈی کی طرف سے آ کر حسن ابدال ، کیمبلپور اور اٹک سے ہوتی ہوئی پشاور جاتی ہے ۔دوسری خوشحال گڑھ لائین ہے یہ گولڑہ سے فتح جنگ ،بسال پنڈ سلطانی روڈ ( دومیل) اور جنڈ سے ہوتی ہوئی خوشحال گڑھ جاتی ہے ۔تیسری کیمبلپور سے جھلار ہوتی ہوئی بسال پر خوشحال گڑھ لائن سے ملتی ہے پھر اس سے جنڈ کے سٹیشن سے علیحدہ ہو کر اچھڑی، چھب سے ہوتی ہوئی میانوالی جاتی ہے.
جرنیلی سڑک راولپنڈی سے آکر حسن ابدال اور اٹک قلعہ سے ہوتی ہوئی پشاور جاتی ہے ۔دوسری سڑک کیمبلپور سے ہٹیاں پڑاؤ army camping ground پر جرنیلی سڑک کو کاٹتے ہوئے حضرو جاتی ہے اس کی ایک شاخ کیمبلپور سے تین میل کے فاصلے پر علحدہ ہوکر حاجی شاہ کے قریب جرنیلی سڑک سے مل جاتی ہے ۔تیسری سڑک راولپنڈی سے فتح جنگ اور پنڈ سلطانی سے ہوتی ہوئی کوہاٹ جاتی ہے چوتھی سڑک فتح جنگ سے کھوڑ جاتی ہے اس پر اٹک آئل کمپنی کا مال اسباب آتا ہے پانچویں سڑک بسال سے پنڈی گھیب جاتی ہے ۔یہ پانچوں پکی سڑکیں ہیں.
کچی سڑکیں مندرجہ ذیل ہیں
کیمبلپور سے ایک سڑک چھوئی کالا چٹا پہاڑ سے گزر کر بسال جاتی ہے ۔جنڈ سلطانی سے براستہ تھٹہ ایک سڑک ناڑا جاتی ہے ۔جنڈ سے مکھڈ تک سڑک کی خراب حالت ہے۔ ایک سڑک حسن ابدال سے براستہ جھنگ باہتر فتح جنگ جاتی ہے۔
تلہ گنگ تحصیل میں کوئی پکی سڑک نہیں ہے ۔تلہ گنگ سے پانچ بڑی کچی سڑکیں نکلتی ہیں اور ان پر باقاعدہ لاریاں چلتی ہیں تلہ گنگ براستہ کوٹ سارنگ پنڈی گھیب تک ،تلہ گنگ سے انجرا سٹیشن تک براستہ ٹمن تلہ گنگ سے خوشاب کی سڑک چنجی سے گزرتی ہے ۔ایک سٹرک تلہ گنگ سے چکوال جاتی ہے تلہ گنگ سے راولپنڈی کی سڑک پر حال ہی میں موٹر چلنی شروع ہوئی ہے اس کی لمبائی پچاس میل ھے یہ نیلہ ،دلہہ، ڈھڈھمبر،چکری اور سہال سے گزر کر راولپنڈی جاتی ہے ( عبدالسلام عرض کرتا ھے راولپنڈی کے کسی پرانے نقشے میں راولپنڈی تلہ گنگ روڈ براستہ چکری دیکھا تھا دو تین سال پہلے راولپنڈی کینٹونمنٹ بورڈ کے ایک اشتہار میں چوہڑ ہڑپال کے علاقے میں اسی تلہ گنگ روڈ کا ذکر پڑھا تھا ۔اہل علم سے راہنمائی کی درخواست ہے۔ڈاکٹر زاہد ملک تلہ گنگ والے فرمایا کرتے تھے کہ تلہ گنگ بالکل مرکزی مقام ہے جہاں سے راولپنڈی، اٹک شہر اور سرگودھا تینوں اسی میل دور ہیں تلہ گنگ چکری راولپنڈی روڈ پچاس میل تھی اور یہ نزدیک ترین راستہ تھا )
کیمبلپور سٹیشن سے حضرو ،بسال سٹیشن سے پنڈی گھیب اور انجرا سٹیشن سے تلہ گنگ تک ڈاک بذریعہ لاری جاتی ہے ۔ڈاک چار پیسے میں جاتی ھے لیکن اس میں دو دن لگتے ہیں ۔تار برقی فورآ پہنچ جاتی ہے لیکن کم از کم خرچ نو آنے ہے۔ہر ریلوے اسٹیشن پر تار برقی کا انتظام ہے ۔بسال سٹیشن سے ٹیلی گراف کی تار پنڈی گھیب سے ہوتی ہوئی تلہ گنگ جاتی ہے ۔لارنسپور سٹیشن سے ایک ٹیلی گراف لائن حضرو جاتی ہے.
کیمبلپور میں گورنمنٹ انٹر میڈیٹ کالج ہے ۔حضرو ،فتح جنگ ، پنڈی گھیب اور تلہ کنگ میں گورنمنٹ ہائی سکول ہیں ۔حسن ابدال میں ڈسٹرکٹ بورڈ ہائی سکول حال ہی میں بنا ہے ۔جنڈ میں سناتن دھرم ہائی سکول ہے
کیمںلپور میں ایک بارونق مڈل سکول ہے ۔شادی خان ، ادھوال ،ٹمن ،لاوہ میں گورنمنٹ اینگلو ورنیکلولر مڈل سکول ہیں ۔پنڈی گھیب میں خالصہ اینگلو ورنیکلولر مڈل سکول ہے ۔غورغشتی ،دومیل اور چھب کے مڈل سکولوں میں انگریزی پڑھانے کا بندوست بھی ہے ۔اس کے علاؤہ بیس سے زیادہ چھ کلاس والے لوئر مڈل اور چار جماعت والے کئی پرائمری سکول ہیں ۔کیمبلپور میں زنانہ گورنمنٹ ہائی سکول اور ٹیچر ٹریننگ زنانہ نارمل سکول ہے۔تلہ گنگ ، پنڈی گھیب اور حضرو میں زنانہ اپر مڈل سکول ہیں
تمام تحریریں لکھاریوں کی ذاتی آراء ہیں۔ ادارے کا ان سے متفق ہونا ضروری نہیں۔
کیا آپ بھی لکھاری ہیں؟اپنی تحریریں ہمیں بھیجیں، ہم نئے لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ |