باغبانی,ایک زبردست مشغلہ
فیصل جنجوعہ
باغبانی ایک زبردست مشغلہ ہے جو انسان کی جسمانی، روحانی اور ذہنی صحت پر اثر انداز ہوتا ہے۔ یہ عمدہ جسمانی ورزش ہے جو وزن گھٹاتی اور صحت بڑھاتی ہے۔ وزن کی زیادتی بذاتِ خود کئی بیماریوں کا پیش خیمہ ہوتی ہے۔ گھر میں اُگنے والی بہت سی سبزیاں انسان کی کئی غذائی ضروریات پوری کرتی ہیں۔ عالمی ادارۂ صحت کے مطابق ترقی پذیر ممالک میں پچاس فیصد سے زیادہ حاملہ خواتین فولاد کی کمی کے باعث خون کی کمی کا شکار ہوتی ہیں جبکہ فولاد سبزیوں میں وافر مقدار میں پایا جاتا ہے۔ گھریلو باغیچہ غذائی کمی کے مسئلے کا بہترین حل ہے۔ علاوہ ازیں رنگ برنگی سبزیوں کے پودے گھروں کی آرائش، ماحول کی خوبصورتی اور ذہنی سکون میں اضافہ کرتے ہیں۔
قدرت نے بہت سے ایسے پودے پیدا کئے ہیں جن سے مختلف زرعی اور ماحولیاتی فوائد حاصل کئے جاسکتے ہیں اور جدید تحقیق کے مطابق انہیں گھریلو باغیچے میں بآسانی اگایا جاسکتا ہے مثلاً پودینہ جو کئی اقسام کے کیڑے مکوڑوں سے نجات کےلئے بے مثال ہے۔ پودینہ کھانے کے جہاں کئی فوائد ہیں، وہیں اس کی خوشبو مکھی، مچھر کو بھگانے میں کارآمد ہے۔ جس کمرے میں اس کا گملا رکھا ہو مچھر وہاں سے بھاگ جائے گا اور انسان ملیریا اور ڈینگو جیسے امراض سے بچ سکتا ہے۔ علاوہ ازیں پودے فضا میں آکسیجن خارج کرتے ہیں اور کاربن ڈائی آکسائیڈ یعنی بری ہوا کو جذب کرکے ہمارے گھروں کو فضائی آلودگی سے پاک کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ درختوں کی کمی سے ماحول میں بڑھتی گرمی جہاں ایک طرف خشک سالی کا باعث ہے، وہیں دوسری طرف شدید بارش، سیلاب اور طوفانوں سے تباہیوں کا باعث رہی ہے۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ اگر لوگ اپنے گھر وں میں اونچی زمین پر زیادہ سے زیادہ مختلف اقسام کے پھل اور سبزیاں اگائیں اور مرغیاں رکھیں، تو کم سے کم وہ غذا کی کمی کا شکار نہ ہوں گے۔
بچت کرنے اور آمدنی کا ذریعہ
ایک طرف گھریلو باغیچے سے بچت بھی ممکن ہے۔ ہمارے گھروں میں آمدنی کا بڑا حصہ کچن کی اشیا خریدنے کے کام آتا ہے۔ جب روزانہ کی سبزی گھر ہی سے مل جائے تو یہ رقم بچ جائے گی۔ اور سبزیوں کو مختلف گھریلو ٹوٹکوں میں استعمال کرکے بھی بچت ممکن ہے۔دوسری طرف زائد پودوں اور سبزیوں کا کاروبار آمدنی بڑھانے کا ذریعہ بھی ہے۔ یہ پودے مختلف نرسریوں اور اداروں کو سپلائی کئے جاسکتے ہیں، جبکہ گھر کی تازہ، کیمیکل سے پاک اور صاف پانی میں اُگنے والی نامیاتی سبزیاں آج کل ناپید ہیں اور بڑے شہروں میں بہت مہنگی ہیں۔ ان سبزیوں کا کاروبار نفع بخش ہے۔ سبزیوں سے مختلف بیوٹی مصنوعات گھر پر تیار کرکے ان کا کاروبار بھی فائدہ مند ہوسکتا ہے
ٹیکنالوجی کے اس دور میں انسان کےپاس چند لمحوں کی بھی فرصت نہیں ہے۔ وہ اکثر بازار میں دستیاب سبزیاں اور پھل خرید لیتا ہے، اور انہیں اچھی طریقے سے دھو کر کھا بھی لیتا ہے۔ بیشتر لوگ اس حقیقت سے واقف ہوں گے کہ آج تکنالوجی کی مدد سے کئی سبزیاں اور پھل تیار کئے جارہے ہیں جس کے اثرات انسانی صحت پر مختلف بیماریوں کی صورت میں نظر بھی آرہے ہیں۔ اب بازار میں ایسی سبزیوں اور پھلوں کی تعداد بہت کم ہوگئی ہے جو قدرتی طریقے سے اگائے جاتے ہیں۔ ایسے میں گھریلو باغیچے کے رجحان میں اضافہ ہورہا ہے۔ جن لوگوں کے گھر بڑے ہیں، وہ اپنے گھروں ہی میں سبزیاں اور پھل اگانے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ ہر چندکہ بڑے پیمانے پر یہ ممکن نہیں ہے لیکن جہاں تک ممکن ہے وہ اس کے فوائد حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
صدیوں سے انسان اپنے گھروں میں پھل اور سبزیاں اگاتا آیا ہے تاکہ اپنی غذا کا بندوبست کرسکے۔ سبزیاں انسانی خوراک کا ایک اہم جزو ہیں اور اچھی صحت کا راز بھی۔ یہ تھوڑی سی زمین یا گملوں، ڈبوں، پلاسٹک کی بوتلوں اور لکڑی کے کریٹس میں کاشت کی جاسکتی ہیں۔ صحت کے حوالے سے گھریلو باغیچے کے کئی فوائد ہیں
Title Image by Ekaterina Ershova from Pixabay
کالم نگار، ایجوکیشنٹ، شعبہ تعلیم تربیت، پرنسپل الائیڈ سکولز پنجاب گروپ آف کالجز راولپنڈی
تمام تحریریں لکھاریوں کی ذاتی آراء ہیں۔ ادارے کا ان سے متفق ہونا ضروری نہیں۔