آگ کی دیوار
ملک محمد فاروق خان
سائنسی ارتقاء سے جہاں مختلف شعبہ ہائے زندگی کو آسانیاں میسر آتی ہیں وہاں حکومتی اور انتظامی سطح پر نئے نئے مسائل کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔انٹرنیٹ ہو، آرٹیفیشل انٹیلیجنس ٹیکنالوجی ہو یا اور کوئی سائنسی ایجادات ہوں ان کی افادیت سے مستفید ہونے کے ساتھ ساتھ حکومتی اداروں اور معاشرے میں نئے خطرات،جرائم اور مسائل لاحق رہتےہیں۔ حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ ان پر نظر رکھے، قانون سازی کرےاور انہیں کنٹرول کرے۔ جس طرح قومی سلامتی کو انٹرنیٹ پر موجود سوشل میڈیا کے ذریعے ڈیجیٹل دہشت گردی کا سامنا ہے۔ ڈیجیٹل دہشت گردی کو ریاست کے خلاف استعمال ہونے سے روکنے کے لئے حکومت نے جس طرح فائر وال سے انٹرنیٹ کو کنٹرول کرنے اور ڈیجیٹل دہشت گردی پر نظر رکھنے کا فیصلہ کیا ہے قابل تحسین اور وقت کی ضرورت ہے لیکن حزب مخالف کی سیاست کا راستہ روک کر اس ٹیکنالوجی کو متنازعہ ہونے سے بھی بچانا ہوگا ۔
ریاست کو محفوظ ریاست بنانے کے لئے "آگ کی دیوار” خوش آئند ہے لیکن ریاست کو ابھی اور بہت ساری آہنی اور آگ کی دیواریں کھڑی کر نی ہوں گی مہنگائی کے گرد آگ کی دیوار تعمیر کرنے کو اولیت دینی ہوگی، ہو سکتا ہے کہ آئی پی پیز کو کسی آگ کی دیوار میں نہ چنا جا سکے اور شاید کپیسٹی چارجز کی ادائیگی کو فنانشل دہشت گردی بھی نہ کہا جا سکے اور نہ ہی روکا جا سکے۔بجلی کے بلوں کو کم کرنے کا عوامی مطالبہ غیر دانشمندانہ ہے جس کے لئےآئی آیم ایف کی رضامندی اور آئی پی پیز کے کپیسٹی چارجز کی ادائیگی کی مجبوری ہے۔ عوام کو بھی حکومتی مجبوریوں کا ادراک کرتے ہوئے بجلی کے بلوں میں کمی کے مطالبے سے دستبردار ہوکر لوڈشیڈنگ واپس کر دینے کے مرحلے پہ جانا چاہیے ۔ بجلی کے صارفین کو ہمیشہ کے لئے آگ کی دیوار میں قید رکھنا لازم ہے تاکہ کپیسٹی چارجز کی ادائیگی ہوتی رہے۔
Title Image by Cliff Hang from Pixabay
تمام تحریریں لکھاریوں کی ذاتی آراء ہیں۔ ادارے کا ان سے متفق ہونا ضروری نہیں۔
کیا آپ بھی لکھاری ہیں؟اپنی تحریریں ہمیں بھیجیں، ہم نئے لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ |