وزیر تجارت جام کمال خان کا دورہ عمان
پاکستان عمان اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کی جانب اہم قدم
تحریر: محمد عثمان ہاشمی
شائع کردہ: شاندار بخاری
تاریخ: 14-03-2025
پاکستان اور عمان کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے وفاقی وزیر برائے تجارت، حِکومت پاکستان، جناب جام کمال خان نے عمان کا اہم دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات میں اضافہ اور اقتصادی تعلقات کی مزید مضبوطی تھا۔ وفاقی وزیر تجارت کو مسقط انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچتے ہی پاکستانی سفارتخانے کے اعلیٰ حکام جن میں سفیر پاکستان محترم سید نوید صفدر بخاری، نائب سفیر جناب بلال حسن اور کمرشل قونصلر جناب عشرت حسین بھٹی اور اس کے علاوہ عمانی حکام بشمول منسٹر کونسلر راشد الراشدی اور ریلیشنشپ اسپیشلسٹ عبداللہ الجابری نے استقبال کیا۔
دورے کے دوران وفاقی وزیر برائے تجارت نے عمان کے اہم حکومتی رہنماؤں، صنعتی رہنماؤں اور دیگر اہم شخصیات کے ساتھ ملاقاتیں کیں جنہوں نے دونوں ممالک کے مابین تجارتی، سرمایہ کاری اور اسٹریٹجک تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر جناب جام کمال خان کی ملاقات عمان کے وزیر براے تجارت، صنعت و سرمایہ کاری،
عزت مآب قیس الیوسف سے ہوئی۔ اس ملاقات میں دو طرفہ تجارت کو بڑھانے، سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور پاکستان کی صنعتی مہارت کو عمان کے وژن 2040 اقتصادی حکمت عملی میں شامل کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستان عمان کے لیے ایک اہم تجارتی راستہ بن سکتا ہے، جو وسطی ایشیائی ریاستوں تک تجارت کی سہولت فراہم کرے گا۔
پاکستانی وفد نے گوادر اور کراچی کی بندرگاہوں کو خطے کی اہم تجارتی گزرگاہوں کے طور پر اجاگر کیا، جو عمان کو وسیع مارکیٹ تک رسائی فراہم کرتی ہیں۔ ٹیکسٹائل، ایس ایم ایز، زراعت اور مینوفیکچرنگ جیسے اہم شعبوں میں مشترکہ منصوبوں اور پائیدار تجارتی شراکت داریوں کی تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے عمان کے سرمایہ کاری کے حوالے سے دوستانہ ماحول کو دیکھنے کے لیے "انویسٹ عمان لاؤنج” کا دورہ کیا، جام کمال خان نے انویسٹ عمان کی تعریف کی اور پاکستان کے ون ونڈو انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن ماڈل سے اس کی مماثلت کو نوٹ کیا۔ انہوں نے انویسٹ عمان، عمان انویسٹمنٹ اتھارٹی اور پاکستان کی خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے درمیان گہرے تعاون کی وکالت کی۔
وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور عزت مآب محمد بن سلیمان الکندی، گورنر،نارتھ الباطنة، کے درمیان ایک اہم ملاقات ہوئی جس میں تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع کو بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔ انہیں ملاقاتوں کے تسلسل میں، وفاقی وزیر جام کمال خان نے صحار پورٹ اور فری زون کا صنعتی دورہ کیا، جہاں انہوں نے صحار فری زون کے سی- ای- او جناب محمد الشزاوی اور دیگر سینئر حکام سے بات چیت میں ایشیائی اور وسطی ایشیائی مارکیٹس کے ساتھ زیادہ رابطے کی سہولت فراہم کرتے ہوئے پاکستان کے راستے تجارتی راستوں کو مضبوط بنانے کے لیے صحار کی جدید لاجسٹک صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے پر زور دیا گیا۔
عمان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (OCCI) میں وفاقی وزیر براے تجارت نے چیئرمین شیخ فیصل عبداللہ الرواس سے ملاقات کی اور تجارتی تعلقات کو مظبوط کرنے کے مواقع پر بات چیت کی۔ ایک B2B نیٹ ورکنگ سیشن بھی منعقد کیا گیا جس میں پاکستانی کاروباری وفد کو عمانی سرمایہ کاروں سے متعارف کرایا گیا۔ OCCI کے حکام نے پاکستان کی عمان کو برآمدات بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا اور دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ کاروباری کونسل کو فعال کرنے پر زور دیا۔
وفاقی وزیر جناب جام کمال کی عمان کے وزیر برائے زراعت، ماہی گیری، اور آبی وسائل، سعود بن حمود الحبسی المحترم سے ملاقات بھی اہم رہی۔ اس ملاقات میں فوڈ سکیورٹی کے موضوع پر تبادلہ خیال کیا گیا، جہاں پاکستان کی زراعتی صلاحیت کو اجاگر کیا گیا اور دونوں ممالک کے درمیان زرعی تجارت اور سپلائی چین کی پائیداری پر بات کی گئی۔ عمان نے پاکستانی فوڈ پروسیسنگ کمپنیوں کو عمان میں اپنے آپریشنز کو بڑھانے کی دعوت دی، جس سے اس شعبے میں تجارتی مواقع کے بڑھنے کی امید ہے۔
پاکستانی سفارتخانے، عمان نے وفاقی وزیر براے تجارت کے اعزاز میں ایک افطار تقریب بھی منعقد کی، جس میں پاکستانی کمیونٹی کے رہنماؤں، تاجروں اور پیشہ ور افراد نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر جام کمال خان نے پاکستان اور عمان کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور ثقافتی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔
وفاقی وزیر کا یہ دورہ پاکستان کے عمان میں اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کی علامت ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ منصوبوں، تجارتی روابط اور سرمایہ کاری کے مواقع پر تعاون کی بدولت دونوں ممالک کے درمیان ایک مضبوط اور متحرک شراکت داری کے امکانات روشن ہیں۔
پاکستان اور عمان کے تعلقات میں مزید تعاون اور اقتصادی ترقی کی راہ ہموار ہو رہی ہے، اور اس کی بدولت دونوں ممالک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ایک نئے باب کا آغاز ہو رہا ہے۔ ہم عمان میں پاکستان کے سفیر، عزت مآب سید نوید صفدر بخاری، کمرشل قونصلر جناب عشترت حسین بھٹی اور عمان میں پاکستانی سفارتخانے کی پوری ٹیم کو ان کی شاندار محنت اور تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی کوششوں پر بھرپور سراہتے ہیں۔

تمام تحریریں لکھاریوں کی ذاتی آراء ہیں۔ ادارے کا ان سے متفق ہونا ضروری نہیں۔
کیا آپ بھی لکھاری ہیں؟اپنی تحریریں ہمیں بھیجیں، ہم نئے لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔iattockmag@gmail.com |