کیمبل پور سے اٹک تک – 11

تحریر :

سیدزادہ سخاوت بخاری

پشاور سے واپسی کے دوسرے یا تیسرے روز ، میری دونوں حضرات ، امیدوار اور ضلعی صدر سے الگ لگ مشاورتی گفتگو ہوئی اور طے پایا کہ ، امیدوار اور پارٹی کے درمیان ایک تحریری معاہدہ ہونا چاھئے ، جس کے مطابق امیدوار ، پارٹی میں شمولیت کا باقائدہ اعلان کرے گا اور پارٹی اسے شہر سے صوبائی نشست کے لئے ٹکٹ دینے کی پابند ہوگی ۔ دن ، وقت اور جگہ مقرر ہونے کے بعد ، میں نے ضلع کچہری جاکر مبلغ 10 روپے کا اسٹامپ پیپر خریدا ، میں اور عاشق کلیم ، اپنے وقت کی معروف سواری ، تانگے میں بیٹھ کر ، امیدوار صاحب کے گاؤں پہنچے ۔

کوٹھی کے ڈرائنگ روم میں ہمیں بٹھایا گیا ، چائے وغیرہ نوش کرنے کے بعد مجھے حکم ہوا کہ معاہدہ تحریر کروں ۔ تحریر لکھ کر دونوں حضرات کو سنائی ، دستخط ہوئے ، امیدوار نے اپنے ایماء پر اور عاشق کلیم نے پارٹی کی طرف سے اپنے دستخط ثبت کئے ، یاد رکھنے والی بات یہ ہے کہ اس دستاویز اور معاہدے کا واحد گواہ ، یہ فقیر ، سیدزادہ سخاوت بخاری تھا ۔

stamp paper

تحریری معاہدے کے بعد قرار پایا کہ اب ایک جلسہء عام کا اہتمام کیا جائے تاکہ امیدوار موصوف ، عوام کے سامنے پاکستان پیپلز پارٹی میں اپنی اور اپنے ساتھیوں کی شمولیت کا اعلان کرسکیں ۔

ایک آدھ دن میں طے ہوگیا کہ کامل پور سیداں میں جلسہ ہوگا ۔ اس وقت نقوی صاحب (نام بھول رہا ہوں )

نقوی میڈیکل ھال والے ، ہمارے کامل پور سیداں کے صدر تھے ۔ جلسے کے انتظامات اور پبلسٹی ان کی ذمہ داری ٹھہری ۔ مجھے یاد ہے ، میرے کزن سابق ایم پی اے سید اعجاز بخاری صاحب کے گھر والی صف میں ایک پلاٹ خالی تھا ، وہاں بعد از نمازعشاء جلسے کا انتظام کیا گیا ۔

اس زمانے میں کرسیاں لگانے کا رواج نہ تھا ، چٹائیاں بچھائی گئیں ، ہلکی پھلکی اسٹیج اور ایڈریس سسٹم لگایا گیا ۔ کامل پور سیداں اور شہر بھر میں تانگے پر لاوڈ اسپیکر باندھ کر اعلان کیا جا چکا تھا کہ آج کے جلسے میں کیمبل پور کی ایک اہم شخصیت اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرے گی ۔

مغرب کے قریب امیدوار صاحب میرے پاس آئے اور اپنی گاڑی میں بٹھاکر ، مالک ناز سینماء ملک صفدر آف سیدن کے ڈیرے پر لے گئے جو ناز سینماء سے متصل واقع تھا ۔

تقریر کے خدوخال واضع کئے گئے اور وقت مقررہ پر ہم جلسہ گاہ پہنچ گئے ۔ کافی تعداد میں سامعین چٹائیوں پر براجمان تھے ۔

اسٹیج پر میرے علاوہ ، عاشق کلیم ، نقوی صاحب ، امیدوار اور کئی دیگر راہنماوں کو بٹھایا گیا ۔

یہ نقطہ نوٹ کرلیں کہ میں اپنے وقت کا معروف اور مقبول عام اسٹیج سیکریٹری یا کمپیئر تھا ۔ تلاوت کلام پاک کے بعد ، چند مقررین کو بلانے کے بعد میں نے اعلان کیا کہ اب میں اس شخصیت کو دعوت سخن دینے جارہا ہوں کہ جن کے اعزاز میں آج کا یہ جلسہ منعقد کیا گیا ،

Malik Hakmeen
ملک حاکمین خان

حضرات اپنی بھرپور تالیوں میں استقبال کیجئے ،  ۔ تشریف لاتے ہیں ،

فخر اعوان ملک حاکمین خان آف شین باغ ، جو آج اپنے ھزاروں ساتھیوں سمیت پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرینگے ۔

ناظرین وقت گزر گیا ، یادیں باقی رہ گئیں ،

میری اپنی ایک غزل کا مطلع ہے :

” لمحے آتے ہیں گزر جاتے ہیں

کوئی بتلائے کدھر جاتے ہیں "

( جاری ہے )

سیّدزادہ سخاوت بخاری

سیّدزادہ سخاوت بخاری

سرپرست

اٹک ای میگزین

تمام تحریریں لکھاریوں کی ذاتی آراء ہیں۔ ادارے کا ان سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

streamyard

Next Post

جہاد

ہفتہ جون 26 , 2021
میں کیوں اپنی جان قربان کروں۔ہماری مذہبی کتابوں میں لکھاہے کہ مذہب کے لیے جان قربان کرنا شتریوں کاکام ہے اور میں توایک برہمن ہوں۔
جہاد

مزید دلچسپ تحریریں