امانت کی واپسی
(تبصرہ نگار: تہذین طاہر۔لاہور)
زیر نظر کتاب ”امانت کی واپسی“ بچوں کے لیے احادیث نبویﷺ پر مبنی اصلاحی کہانیوں کا مجموعہ ہے۔”امانت کی واپسی“ کتاب”دوسرے کپڑے“ کتاب کا تصحیح و اضافہ شدہ ایڈیشن ہے جو محمداحمد رضا انصاری کے قلم کا شہکار ہے۔ کتاب کی سب سے خوبصورت چیز انتساب ہے یہ”نبی اکرم النبینﷺ“ کے نام ہے۔ آپ ﷺ دو جہانوں کے لیے رحمت بن کر آئے۔ماشاءاللہ۔
”امانت کی واپسی“ کتاب 29 کہانیوں پر مشتمل ہے۔ جس میں ”بہترین برتاﺅ، اچھا سبق، دوسرا رخ، چھوٹے بھیا، مسکراہٹ کے پھول، تحفے کی واپسی، کیسا مذاق؟، جھوٹ پکڑاگیا، ان چھواخزانہ، دوسری بیٹی، خوف، چھوٹی سی نیکی، ایثار، دوسرے کپڑے، سادہ غذا، پہلی اور آخری بھول، مؤذن پرندہ، الجارالعظیم“، جیسے کئی موضوعات شامل ہیں۔
کتاب کا دیباچہ علیزے نجف نے لکھا ہے۔ علیزے نجف اعظم گڑھ بھارت کی شاعرہ، ادیبہ، انٹرویو نگار ہیں ان کے لکھے دیباچے کے چند جملے ملاحظہ کیجئے! ”محمد احمد رضا انصاری کے قلم کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ اس میں بچوں کی نفسیات اور اس کے پیچ و خم سے بحسن و خوبی نمٹنے کا سلیقہ پایا جاتا ہے۔ کرداروں کی تخلیق میں مہارت رکھنے کے ساتھ انہیں اپنا مافی الضمیر بیان کرنے پہ بھی ملکہ ہے، ذہن میں ابھرنے تصورات کوکہانیوں کے سانچے میں ڈھال کرتے ایک ترتیب و تنظیم کے ساتھ قرطاس پہ اس طرح بکھیرنا کہ حقیقت کا عکس بن جائے یہ شعور کی پختگی کی علامت ہے، یہ فن محمد احمد رضا انصاری کے قلم میں پایا جاتا ہے۔“
قانتہ رابعہ صاحبہ نے کتاب”امانت کی واپسی“ کو بچوں اور والدین کے لیے بہترین تحفہ قرار دیا۔ وہ کہتی ہیں ۔”محمد احمد رضا انصاری بہت اچھا لکھتے ہیں۔ ان کے اسلوب اس کتاب میں سادہ اور کہانیوں کا اختتام مثبت پہلو لیے ہوئے ہے۔ کتاب پڑھ کر اس بات پر یقین مضبوط ہو جاتا ہے کہ احادیث پر عمل بھی ہمارے گھروں میں ہوتا ہے لیکن ہم اس کے بارے میں لاعلم ہوتے ہیں۔“
خود محمد احمد رضا انصاری کتاب کے پیش لفظ میں کہتے ہیں۔”گزشتہ سات برسوں سے بچوں کے لیے اصلاحی اور تفریحی ادب لکھنے کی اپنی سی کوشش جاری ہے۔ اس مختصر سے عرصے میں چار کتابوں کی اشاعت اور ان کی مقبولیت یہ ثابت کرتی ہے کہ لوگ کہانیاں پسند کر رہے ہیں۔ کتب بینی کا رحجان اب بھی موجود ہے، بچے اب بھی اسکرین کے بجائے کتابوں کے ساتھ وقت گزارنا پسند کرتے ہیں، والدین اپنے بچوں کو کہانیوں کی کتابیں خرید کر دیتے ہیں اور اساتذہ بھی اپنے طالب علموں کو غیر نصابی کتب مطالعہ کے لیے دیتے ہیں تاکہ نہ صرف بچوں کی زبان دانی بہتر ہو بلکہ وہ اچھے اخلاق اور اچھی باتیں بھی سیکھ لیں۔ آخر میں محمد احمد رضا انصاری لکھتے ہیں کہ تحفہ دینے سے محبت بڑھتی ہے اور کتاب سے بہتر اور کوئی تحفہ ہو ہی نہیں سکتا۔“
کتاب میں موجود کہانیوں کی بات کی جائے تو ہر کہانی اپنی مثال آپ ہے۔ سبق آموز، نصیحت آگیں، آسان اور سادہ الفاظ میں لکھی جانے والی یہ کتاب بچوں کی دلچسپی کا ہر ممکن سامان لیے ہوئے ہے۔ زیادہ تر کہانیاں قرآن و حدیث کے اسباق پر مبنی ہیں۔ اخلاق حسنہ اور سنت نبوی سے اخذ شدہ تعلیمات کو کرداروں کے ذریعے واضح کیا گیا ہے۔ تاکہ بچے اسلامی تعلیمات سے باآسانی واقف ہو سکیں۔ کہانیوں کے ذریعے ہی بچوں میں عشق رسول کو پروان چڑھانے کی بھی کوشش کی گئی ہے۔ بے شک یہ کتاب بچوں کی ذہنی و اخلاقی کردار سازی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
”قلم اور فکر جب مسلسل رواں رہتے ہیں تواس میں شعور کی کرنوں کو بآسانی دیکھا جا سکتا ہے۔ بچوں کے لیے ہمیں ایسے ہی ادب کی ضرورت ہے۔ جو انہیں ان کی بنیادی اخلاقی جڑوں سے مربوط رکھے، جس کے ذریعے ان کی فکروشعور مسلسل بہتری کی طرف مائل رہے“۔ ان خوبصورت الفاظ کا اظہاربھی علیزے نجف نے کیا ہے، جس سے مکمل طور پر کتاب کی اہمیت اجاگر ہو رہی ہے۔
اس خوبصورت اوربچوں کی دینی اور دنیاوی تربیت کے طریقے بتاتی کتاب کی اشاعت پر نہ صرف لکھاری بلکہ اشاعت کا ادارہ بھی مبارکباد کا مستحق ہے۔ کتاب پریس فار پیس پبلی کیشنز کی جانب سے شائع کی گئی ہے۔ کتاب کے سرورق کی بات کی جائے تو سید ابرار گردیزی کی ڈیزائننگ واقعی قابل دید ہے۔ کتاب پر نظر پڑتے ہی اس کو ایک بار کھولنے کودل ضرور کرتا ہے جو ابرار صاحب کی محنت اور لگن کا واضح ثبوت ہے۔ کتاب کو پڑھتے ہوئے لکھاری کی محنت اور اسلام سے محبت واضح نظر آتی ہے۔چار سو صفحات کی کتاب کی قیمت صرف 1000/= روپے ہے۔ والدین کو چاہیے کہ وہ لازمی یہ کتاب خود پڑھیں اور بچوں کو بھی پڑھنے کے لیے دیں۔ آخر میں لکھاری”محمد احمد رضا انصاری“ کے لیے ڈھیروں دعائیں۔”اللہ کرے زور قلم اور زیادہ“۔
کتاب حاصل کرنے کے لیے درج ذیل ای میل اور فون پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
03476858880
تہذین طاہر
لاہور
تمام تحریریں لکھاریوں کی ذاتی آراء ہیں۔ ادارے کا ان سے متفق ہونا ضروری نہیں۔
کیا آپ بھی لکھاری ہیں؟اپنی تحریریں ہمیں بھیجیں، ہم نئے لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ |