یہ کوئل جہاں کو بتانے لگی
حسنؑ آ گئے مسکرانے لگی
سنا جب فضاوں میں بلبل کا غُل
تو مینا بھی نغمہ سنانے لگی
مبارک ہو سب کو حسنؑ آگئے
فضاوں میں خوشبو سی چھانے لگی
درودوں سلاموں کی نوری صدا
نبیؐ کے گھرانے میں جانے لگی
نبیؐ نے مبارک، لبوں سے کہا
بریں فاطمہ ؑ مسکرانے لگی
گلابوں نے خوشبو کو عنبر کیا
تو رونق فضاوں میں چھانے لگی
تصور میں "بخّن” علیؑ کو کہا
تو فرحت مرے دل میں آنے لگی
خبر دینے جبریل ارم میں گئے
تو نغمے ہراک حور گانے لگی
زمیں پر مسرت سے قائم ضیا
قمر کی طرح جگمگانے لگی
سید حبدار قائم آف غریب وال
میرا تعلق پنڈیگھیب کے ایک نواحی گاوں غریبوال سے ہے میں نے اپنا ادبی سفر 1985 سے شروع کیا تھا جو عسکری فرائض کی وجہ سے 1989 میں رک گیا جو 2015 میں دوبارہ شروع کیا ہے جس میں نعت نظم سلام اور غزل لکھ رہا ہوں نثر میں میری دو اردو کتابیں جبکہ ایک پنجابی کتاب اشاعت آشنا ہو چکی ہے
تمام تحریریں لکھاریوں کی ذاتی آراء ہیں۔ ادارے کا ان سے متفق ہونا ضروری نہیں۔