بگڑا ہوا نظامِ چمن دیکھتا ہوں میں

بگڑا ہوا نظامِ چمن دیکھتا ہوں میں
ہر سُو ہجومِ رنج و محن دیکھتا ہوں میں

ایسی چمن میں فتنہ و شر کی لگی ہے آگ
آتش بجانِ سرو وسمن دیکھتا ہوں میں

باقی کہاں ہے اب گل و لالہ میں رنگ و بو
بے رنگ و آگ روئے چمن دیکھتا ہوں میں

گل ہے اگر اُداس تو بے کل ہے شاخِ گل
مجروح پنکھڑی کا بدن دیکھتا ہوں میں

اہلِ ہوس نے مل کے قیامت ہے دوستو!
لُوٹی ہے آبروئے چمن ،دیکھتا ہوں میں

منصور تو نہیں ہوں پہ منصور کی طرح
نظارہ ہائے دار ورسن دیکھتا ہوں میں

تاریکیوں کے شہر میں بسملؔ نہ جانے کب
پھوٹے گی روشنی کی کرن دیکھتا ہوں میں

Sultan Mehmood Bismil

سلطان محمود بسملؔ

تمام تحریریں لکھاریوں کی ذاتی آراء ہیں۔ ادارے کا ان سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

Next Post

پلِ صراط اور مولا علیؑ کی سند

جمعہ اپریل 1 , 2022
نماز شب سے علم و آگہی کے درخشاں موتی حاصل ہوتے ہیں جو انسان کو بلندی اور عظمت عطا کرکے اللہ کے قریب کر دیتے ہیں۔
پلِ صراط اور مولا علیؑ کی سند

مزید دلچسپ تحریریں