اپنی دھرتی اپنے لوگ
لیاقت پور کے سخن فہم اور ادب نواز محمد آصف رشید رحمانی ایڈووکیٹ
تحریر: طارق ملک ۔ اللۀ آباد تحصیل لیاقت پور
لیاقت پور کے سخن فہم و ادب نواز معروف قانون دان محمد آصف رشید رحمانی ایڈووکیٹ 22 مارچ 1964ء کو لیاقت پور (ضلع رحیم یار خان) میں پیدا ہوئے۔
انہوں نے ابتدائی تعلیم گورنمنٹ پرائمری سکول 31A جدید لیاقت پور سے حاصل کی۔ میڑک کا امتحان گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول لیاقت پور سے پاس کرنے کے بعد گورنمنٹ ڈگری کالج لیاقت پور سے گریجوایشن کی۔ بعد ازاں انہوں نے پنجاب یونیورسٹی لاہور سے قانون کی ڈگری حاصل کی۔
محمد آصف رشید رحمانی ایڈووکیٹ کے والدِ محترم محمد عبد الرشید رحمانی ایڈووکیٹ مرحوم اعلیٰ پائے کے قانون دان ہونے کے ساتھ ساتھ بزلہ سنج، حاضر جواب اور نہایت اعلیٰ ادبی ذوق کے حامل تھے۔ انہیں مختلف شعراء کے سینکڑوں اشعار یاد تھے جو وہ موقع کی مناسبت سے اپنے دوست و احباب کو سنایا کرتے تھے۔
آصف رشید رحمانی ایڈووکیٹ نے جب آنکھ کھولی تو انہیں بچپن ہی سے گھر کا ماحول ادبی ملا یہی وجہ تھی کہ وہ بھی بڑے ہو کر ادب اور ادبی سرگرمیوں کی طرف راغب ہوئے۔
لیاقت پور شہر میں منعقدہ مختلف ادبی تنظیموں مجلسِ ارتقائے ادب، حلقہ ادب، حلقہ اربابِ شفق اور بزمِ احساس کی ماہانہ ادبی نشستوں، سیمینار اور مشاعروں میں وہ اپنی شرکت کو یقینی بناتے رہے۔ ماضی میں انہوں نے حلقہ ادب کے بانی معروف شاعر محمد اعجاز خاور ضیائی مرحوم کے ساتھ مل کر لیاقت پور شہر میں مشاعرے کا انعقاد کیا اور اپنی سالگرہ کے موقع پر بھی مشاعرہ منعقد کرکے ادب پروری کا بھرپور ثبوت دیا اور جب حلقہ ادب لیاقت پور کی تنظیم نو کرکے نشستیں منعقد کی گئیں تو وہ ان نشستوں میں بھی تواتر سے شریک ہوتے رہے۔
اپنے والد کی طرح انہیں بھی ملک کے معروف شعراء فیض احمد فیض،عبد الحمید عدم، منیر نیازی، سید ضیاء الدین نعیم و دیگر کے سینکڑوں اشعار یاد ہیں۔ خصوصاً سید ضیاء الدین نعیم کا کلام وہ مختلف ادبی نشستوں میں پیش کرکے داد تحسین حاصل کرتے رہتے ہیں۔منیر نیازی سے ان کی کئی بالمشافہ ملاقاتیں ہیں جبکہ وہ اشفاق احمد کی شخصیت کے بھی دلدادہ ہیں۔
انہیں اپنے والدین سے والہانہ محبت تھی اور وہ اپنے اکلوتے لخت جگر محمد یوسف رشید رحمانی سے بھی جنون کی حد تک پیار کرتے ہیں۔
آصف رشید رحمانی ایڈووکیٹ لیاقت پور کے معروف قانون دان اور بار ایسوسی ایشن لیاقت پور میں رشید رحمانی گروپ جس میں سو سے زائد وکلاء شامل ہیں کے سرپرست ہیں۔ بار الیکشن کی کامیابیوں میں رشید رحمانی گروپ نے ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
انہیں کھلیوں سے بھی کافی لگاؤ ہے ماضی میں وہ ٹیبل ٹینس ،بیڈ منٹن اور کرکٹ کے بہترین کھلاڑی اور جناح کرکٹ کلب لیاقت پور کے پہلے کپتان کی حیثیت سے کرکٹ ٹیم کی کامیابیاں سمیٹتے رہے۔
خوبصورت، بذلہ سنج اور خوش مزاج شخصیت کے مالک محمد آصف رشید رحمانی ایڈووکیٹ سیاست میں بھی خاصے فعال اور متحرک ہیں۔ اپنی قائدانہ صلاحیتوں کے باعث وہ بلدیہ لیاقت پور کے وائس چیئرمین کے عہدے پر فائز رہے اور وہ کئی سیاسی جماعتوں میں تحصیل صدر کی حیثیت سے بھی اپنی خدمات سر انجام دے چکے ہیں۔ وہ لیاقت پور کے تعمیر وطن گروپ کے سربراہ سابق اراکین صوبائی اسمبلی پنجاب چوہدری مسعود احمد و چوہدری محمود احمد کے معتمد خاص شمار کیے جاتے ہیں۔
ترقی پسند سوچ کے حامل آصف رشید رحمانی ایڈووکیٹ ان دنوں لیاقت پور کی سب سے معروف ادبی تنظیم ” لیاقت پور ادبی فورم لیاقت پور ” کے نہ صرف چیئرمین ہیں بلکہ انہوں نے قریباً ایک سال سے اپنی رہائش گاہ پر ادب کا چراغ جلا رکھا ہے ہر ماہ کے پہلے اتوار ادبی فورم کے زیرِ اہتمام ان کی رہائش گاہ پر شعری نشست کا انعقاد کیا جاتا ہے جس میں مقامی شعراء کے علاوہ دیگر شہروں کے معروف شعراء و ادیب شریک ہو کر اپنی توانا تخلیقات سے ادب کی آبیاری جبکہ خوش الحان اپنی آواز کا جادو جگاتے ہیں ادب کی اس آبیاری کا سہرا یقیناً آصف رشید رحمانی ایڈووکیٹ کے سر ہے۔ وہ داد و تحسین کے مستحق ہیں کہ انہوں نے مہنگائی کے طوفانِ بلا خیز میں بھی ادب کا چراغ روشن رکھا ہوا ہے۔ بقولِ قتیل شفائی
اب جس کے جی میں آئے وہی پائے روشنی
ہم نے تو دل جلا کے سرِ عام رکھ دیا
جنرل سیکرٹری
لیاقت پور ادبی فورم لیاقت پور
اللہ آباد ، تحصیل لیاقت پور
ضلع رحیم یار خان
تمام تحریریں لکھاریوں کی ذاتی آراء ہیں۔ ادارے کا ان سے متفق ہونا ضروری نہیں۔