. . . We are Hussaini . . .
( گزشہ روز مسجد و امام بارگاہ علی ابن ابی طالب علیہ السلام بمقام وادی الکبیر مسقط میں خون کے عطیات جمع کرنے کے لئے لگائے جانیوالے کیمپ کے حوالے سے )
تحریر :
سیّدزادہ سخاوت بخاری
ہم حسینی ہیں
کے بینر تلے گزشتہ روز مسجد و
امام بارگاہ علی ابن ابی طالب علیہ السلام واقع وادی الکبیر ، ضلع مطرح میں انسانیت کے بچاو اور خدمت کے جذبے سے سرشار چند نوجوانوں نے مقامی بلڈ بینک کی مدد کی خاطر ، عطیات خون جمع کرنے کے لئے کیمپ کا انعقاد کیا ۔
بنیادی طور پر یہ خیال کاروباری شخصیت سبطین عبداللہ پیروانی نے پیش کیا جس کی نوک پلک عمان کے مشھور و معروف سماجی کارکن سید شاندار بخاری نے سنواری اور اس طرح یہ قافلہ دار الشفاء کلینک الغبرہ کے روح رواں ڈاکٹر سید توقیر رضوی کی قیادت میں ، کم و بیش دو ھفتے کی شبانہ روز محنت اور بھاگ دوڑ کے بعد بروز ھفتہ ، بہ خیر و خوبی اور کامیابیاں سمیٹتا ہوا اپنی منزل مقصود تک پہنچا ۔
خون کے عطیات جمع کرنے کے لئے سلطنت عمان کی وزارت صحت کے متعلقہ ڈاکٹرز ، نرسنگ اسٹاف اور دیگر عملہ اپنے ساز و سامان کے ساتھ بروقت پہنچ چکا تھا ۔ مسجد کی انتظامیہ کمیٹی اور رضا کاروں نے ڈاکٹر توقیر رضوی کی نگرانی میں عطیات پیش کرنے کے لئے آنیوالے خواتین و حضرات کے لئے بہترین انتظامات کررکھے تھے ۔
کیمپ کا آغاز امام بارگاہ کے مرکزی ھال میں ایک تقریب سے ہوا جس کی ابتداء تلاوت قرآن پاک سے کی گئی ۔ امام بارگاہ کے متولی اور علمائے کرام کے خطاب کے بعد مہمان خصوصی عزت مآب سفیر پاکستان عمران علی چودھری نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے نوجوانوں کے اس جذبے کو سراھا کہ جس کے تحت انہوں نے اس قابل قدر کام کو انجام دیا ۔
تقریب کے مہمان اعزاز ، عمان میں مقیم پاکستان کمیونٹی کی ہردلعزیز شخصیت اور سربراہ
الشیخ سید فیاض علی شاہ صاحب تھے ۔ ان معزز مہمانوں کی آمد پر امام بارگاہ انتظامیہ کمیٹی کی جانب سے انہیں گل دستے اور تحائف پیش کئے گئے ۔
اس تقریب کی خاص بات یہ تھی کہ بلا لحاظ مسلک و مشرب پاکستانی و عمانی شخصیات نے اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور اپنی شمولیت سے یہ بات ثابت کردی کہ انسانیت کی خدمت کے لئے ہم سب ایک ہیں ۔
یاد رہے عمان میں خون کے عطیات جمع کرنے کی مہم جاری رہتی ہے اور وقفے وقفے سے کیمپ لگائے جاتے ہیں لیکن پاکستانی و عمانی نوجوانوں کی طرف سے مشترکہ طور پر منعقد کیا جانیوالا یہ کیمپ اس لحاظ سے تاریخی حیثیت حاصل کرگیا کہ توقع سے کہیں زیادہ افراد جن میں خواتین بھی شامل تھیں ، بہت بڑی تعداد میں مکمل جوش و جذبے کے ساتھ امام بارگاہ کا رخ کررہے تھے ۔ عطیات دینے والوں کی کثیر تعداد کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ میڈیکل ٹیم کے پاس موجود 200 کے قریب داخلہ فارم جب ختم ہوگئے تو ھال میں موجود خون کا عطیہ پیش کرنے والے متعدد خواتین و حضرات سے معذرت کرلی گئی ۔
اس عظیم الشان کیمپ کے انعقاد پر ہم پاکستان کمیونٹی کی طرف سے ، جناب سبطین عبداللہ پیروانی ، شاندار بخاری ، ڈاکٹر سید توقیر رضوی ، امام بارگاہ کے متولی و اراکین انتظامیہ اور جملہ رضا کاروں کی خدمت میں خراج تحسین پیش کرنے کے ساتھ ساتھ وزارت صحت سلطنت عمان کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے اسے سرکاری سرپرستی سے نوازا .
اس موقع پر ہم سفیر پاکستان اور الشیخ سید فیاض علی شاہ کے ساتھ ساتھ عمان و پاکستان کی اہم اور معزز شخصیات ، محمد یسین بھٹی ، راجہ اخمت حیات ، جناب ارشد علی خان ، چیئرمین پاکستان اسکول جناب امیر حمزہ ، راحت کمپیوٹرز کے کاشف ذعیم ، جناب اصغر علی فضل ، معروف شاعر جناب ناصر معروف محمد علیم انیس ، محمد کلیم ، معروف تاجر چودھری محمد اشرف ، انجنئیر اختر سلیم ، سعید جعفری اور علمائے اھلسنت بالخصوص لالو رضائی جامع مسجد مطرح کے امام و خطیب جناب علامہ نجیب الزدجالی کے بھی ممنون ہیں کہ انہوں نے تشریف لاکر اس مہم کو اپنی حمائت سے نوازا.
سیّدزادہ سخاوت بخاری
شاعر،ادیب،مقرر شعلہ بیاں،سماجی کارکن اور دوستوں کا دوست
تمام تحریریں لکھاریوں کی ذاتی آراء ہیں۔ ادارے کا ان سے متفق ہونا ضروری نہیں۔