ذہنی مضبوطی

ذہنی مضبوطی


تحریر: محمد ذیشان بٹ

’’جب آپ وہ چیزیں چھوڑ دیتے ہیں جو آپ کو روکے ہوئے ہیں تو آپ غیر معمولی کرنے کے قابل ہوجاتے ہیں۔‘‘
— ایمی مورِن

ذہنی مضبوطی انسان کے کردار، رویے اور جذبات پر اس کے مکمل کنٹرول کا نام ہے۔ یہ قابلیت انسان کو چیلنجز کا سامنا کرنے، مصائب سے نمٹنے اور زندگی میں ترقی کرنے کے لیے تیار کرتی ہے۔ ذہنی مضبوطی کے موضوع پر ایک اہم کتاب "13 Things Mentally Strong People Don’t Do” ماہر نفسیات ایمی مورِن نے لکھی ہے۔ یہ کتاب ان لوگوں کے لیے مشعل راہ ہے جو اپنی زندگی میں ذہنی مضبوطی پیدا کرنا چاہتے ہیں۔

ایمی مورِن ایک ماہر نفسیات ہیں جن کی زندگی خوشیوں سے بھرپور تھی، لیکن یکے بعد دیگرے دو قریبی رشتے داروں کی اموات نے ان کی زندگی میں غم کے سائے ڈال دیے۔ ان کی ذہنی صحت متاثر ہوئی، لیکن ان حالات سے نکل کر وہ دوبارہ زندگی کی طرف لوٹ آئیں۔ اس دوران انھوں نے ان لوگوں پر تحقیق کی جو مصائب اور مشکلات کے باوجود مضبوطی سے آگے بڑھتے ہیں۔ ان کے مطالعے اور تجربات کا نچوڑ یہ کتاب ہے، جو ذہنی مضبوطی کے اصولوں کو عملی طور پر اپنانے کی رہنمائی کرتی ہے۔

ذہنی طور پر مضبوط لوگ خود پر ترس نہیں کھاتے۔ وہ اپنے مسائل پر افسوس کرنے یا خود کو بدقسمت سمجھنے کی عادت سے دور رہتے ہیں۔ وہ شکوہ شکایت کرنے کے بجائے مسائل کے حل پر توجہ دیتے ہیں۔ خود ترسی ایک منفی جذبہ ہے جو انسان کی صلاحیتوں کو مفلوج کر دیتا ہے۔ اس سے بچنے کے لیے مثبت سوچ اپنائیں اور خود کو فعال رکھیں۔

ذہنی مضبوطی کا ایک اہم پہلو یہ ہے کہ اپنی طاقت اور فیصلے کا اختیار کسی اور کے ہاتھ میں نہ دیں۔ تنقید یا دوسروں کی رائے پر حد سے زیادہ توجہ دینا انسان کی خود اعتمادی کو کمزور کر سکتا ہے۔ مضبوط لوگ اپنی توانائی کو مثبت سمت میں لگاتے ہیں اور اپنی زندگی کا ریموٹ کنٹرول خود اپنے پاس رکھتے ہیں۔

تبدیلی زندگی کا لازمی حصہ ہے۔ جو لوگ ذہنی طور پر مضبوط ہوتے ہیں وہ نئی صورت حال کو قبول کرتے ہیں اور اس کے مطابق خود کو ڈھالتے ہیں۔ دنیا تیزی سے بدل رہی ہے، اور ان تبدیلیوں کے ساتھ ہم آہنگ ہونا کامیابی کی ضمانت ہے۔

ذہنی طور پر مضبوط لوگ ان مسائل پر توانائی ضائع نہیں کرتے جنھیں وہ بدل نہیں سکتے۔ وہ اپنی توجہ اور محنت ان چیزوں پر مرکوز کرتے ہیں جو ان کے دائرہ کار میں ہوں۔ بے مقصد بحث و مباحثے اور غیر ضروری خواہشات وقت اور توانائی کا ضیاع ہیں۔

ہر کسی کو خوش کرنا ناممکن ہے۔ ذہنی طور پر مضبوط لوگ دوسروں کی خوشنودی کے بجائے اپنے مقاصد پر توجہ دیتے ہیں۔ وہ تنقید کو اپنی ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دیتے اور اپنی سمت پر قائم رہتے ہیں۔

ذہنی مضبوطی میں ایک اہم عنصر تخمینی خطرات لینے کی صلاحیت ہے۔ کامیابی اکثر خطرہ مول لینے سے جڑی ہوتی ہے، لیکن یہ خطرات سوچ سمجھ کر اٹھائے جائیں۔ مضبوط لوگ مشاورت کرتے ہیں، لیکن حتمی فیصلہ خود کرتے ہیں۔

ماضی میں الجھے رہنے والے لوگ حال کو خراب کر لیتے ہیں۔ ذہنی طور پر مضبوط لوگ ماضی سے سبق لے کر حال کو بہتر بناتے ہیں اور مستقبل کی طرف دیکھتے ہیں۔ ماضی کی ناکامیوں کو چھوڑ کر آگے بڑھنا کامیابی کی کلید ہے۔

غلطیاں کرنا انسانی فطرت ہے، لیکن ان سے سبق نہ لینا کمزوری ہے۔ ذہنی مضبوط لوگ اپنی غلطیوں کا تجزیہ کرتے ہیں اور ان سے سیکھ کر خود کو بہتر بناتے ہیں۔

حسد ایک تباہ کن جذبہ ہے جو انسان کی توانائی کو ختم کر دیتا ہے۔ ذہنی طور پر مضبوط لوگ دوسروں کی کامیابیوں پر حسد کرنے کے بجائے ان سے سیکھتے ہیں اور اپنی صلاحیتوں کو نکھارتے ہیں۔

ناکامی کامیابی کا زینہ ہے۔ ذہنی مضبوط لوگ پہلی ناکامی کو آخری نہیں سمجھتے بلکہ اپنی جدوجہد جاری رکھتے ہیں۔ ان کی مستقل مزاجی اور حوصلہ انھیں کامیاب بناتے ہیں۔

تنہائی انسان کو اپنے آپ سے ملاقات کا موقع دیتی ہے۔ ذہنی طور پر مضبوط لوگ تنہائی کو مثبت طریقے سے استعمال کرتے ہیں اور خود کی بہتری کے لیے وقت نکالتے ہیں۔

ذہنی مضبوط لوگ یہ یقین رکھتے ہیں کہ دنیا ان سے کچھ چھین نہیں سکتی۔ وہ اپنی صلاحیتوں اور نیک نیتی پر بھروسہ رکھتے ہیں اور اپنے راستے پر گامزن رہتے ہیں۔

کامیابی کے لیے صبر اور استقامت ضروری ہے۔ ذہنی مضبوط لوگ فوری نتائج کی خواہش نہیں رکھتے بلکہ اپنے مقاصد کے لیے مستقل محنت کرتے ہیں اور قدرت کے نظام پر یقین رکھتے ہیں۔

ذہنی مضبوطی ایک مسلسل جدوجہد کا نام ہے۔ ایمی مورِن کی کتاب ہمیں سکھاتی ہے کہ کن چیزوں سے گریز کرکے ہم ذہنی طور پر مضبوط بن سکتے ہیں۔ یہ اصول نہ صرف ہماری زندگی کو مثبت سمت میں لے جاتے ہیں بلکہ ہمیں حقیقی کامیابی اور اطمینان حاصل کرنے میں بھی مدد دیتے ہیں۔

اپنی ذہنی مضبوطی کو اپنی سب سے بڑی طاقت بنائیے اور زندگی کی ہر آزمائش کا بہادری سے سامنا کیجیے۔

Title Image by alexmogopro from Pixabay

تمام تحریریں لکھاریوں کی ذاتی آراء ہیں۔ ادارے کا ان سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

کیا      آپ      بھی      لکھاری      ہیں؟

اپنی تحریریں ہمیں بھیجیں، ہم نئے لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔

[email protected]

مزید دلچسپ تحریریں