ستھرا پنجاب مریم نواز شریف کا عزم
اٹک ( ملک امان شجاع سے )کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک نےکہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ‘ستھرا پنجاب پروگرام’ کا مقصد عوام کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنا ہے۔ یہ اقدام نہ صرف شہریوں کی زندگیوں کو بہتر بنائے گا بلکہ اٹک جیسے شہروں میں بھی عالمی معیار کی صفائی سہولیات متعارف کرائے گا۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روز اٹک میں ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی صفائی سروسز کی فراہمی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن "ستھرا پنجاب پروگرام” کے تحت اٹک میں راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی صفائی سروسز کی فراہمی کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ کمشنر راولپنڈی عامر خٹک نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور دیگر معززین کے ہمراہ ربن کاٹ کر اس منصوبے کا باضابطہ افتتاح کیا۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر اٹک راؤ عاطف، سی ای او راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رانا ساجد صفدر، ایم این اے شیخ آفتاب، ایم پی اے چوہدری شیر علی، حمید اکبر، اور جہانگیر خانزادہ سمیت دیگر معززین شریک ہوئے۔ سی ای او رانا ساجد صفدر نے پروگرام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ منصوبہ اٹک میں صفائی کی جدید سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے گا اور عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا، کمشنر نے کہا کہ صفائی صرف حکومت کی ذمہ داری نہیں بلکہ عوام کا بھی فرض ہے کہ وہ اس مہم کا حصہ بنیں۔ ہم سب کو مل کر یہ عہد کرنا ہوگا کہ اپنے شہروں کو گندگی سے پاک رکھیں گے اور اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ڈپٹی کمشنر اٹک راؤ عاطف نے کہا کہ آج کا دن اٹک کے لیے ایک تاریخی دن ہے کیونکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن ‘ستھرا پنجاب پروگرام’ کے تحت راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی صفائی سروسز کا باضابطہ آغاز کیا جا رہا ہے۔ یہ منصوبہ ہمارے شہریوں کو صاف اور صحت مند ماحول فراہم کرنے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ صفائی صرف حکومت کی ذمہ داری نہیں بلکہ ہم سب کا اجتماعی فریضہ ہے۔
ہم اٹک کے عوام سے درخواست کرتے ہیں کہ اس منصوبے کو کامیاب بنانے کے لیے اپنی ذمہ داریوں کو سمجھیں۔ صفائی کے عملے کے ساتھ تعاون کریں، کوڑا کرکٹ مقررہ مقامات پر ڈالیں، اور صفائی کی اہمیت کو اپنی روزمرہ کی زندگی کا حصہ بنائیں۔ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی ٹیم اور ان کے سی ای او رانا ساجد صفدر کو میں خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے دن رات محنت کر کے اس منصوبے کو حقیقت کا روپ دیا۔ ان کی جدید مشینری اور تربیت یافتہ عملہ اٹک میں صفائی کے معیار کو بلند کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ایم این اے شیخ آفتاب نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام وزیر اعلیٰ پنجاب کا شاندار اقدام ہے جس سے شہریوں کو صحت مند ماحول فراہم ہوگا۔ صفائی کا معیار بلند ہوگا، جس کے اثرات عوام کی زندگی پر مثبت انداز میں مرتب ہوں گے۔ میں راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے اس منصوبے کو کامیاب بنانے کے لیے دن رات محنت کی۔ ہم سب کو چاہیے کہ اس پروگرام کا حصہ بنیں اور اپنی آنے والی نسلوں کے لیے ایک صاف اور سرسبز ماحول چھوڑیں۔ایم پی اے چوہدری شیر علی نے کہا کہ صفائی ایک قومی فریضہ ہے، اور ہمیں اس حوالے سے اپنی ذمہ داری کو سمجھنا ہوگا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ستھرا پنجاب پروگرام نے نہ صرف صفائی کے شعبے میں انقلاب برپا کیا ہے بلکہ عوام کے دل بھی جیتے ہیں۔ ہم عوام سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی ٹیم کے ساتھ تعاون کریں اور گندگی کو مناسب جگہوں پر ٹھکانے لگائیں،تقریب کے اختتام پرسی ای او رانا ساجد صفدر نے مہمانان گرامی کو شیلڈز پیش کیں۔
تمام تحریریں لکھاریوں کی ذاتی آراء ہیں۔ ادارے کا ان سے متفق ہونا ضروری نہیں۔
کیا آپ بھی لکھاری ہیں؟اپنی تحریریں ہمیں بھیجیں، ہم نئے لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ |