گُلدانٍ مقبول
تحریر : حکیم ناز جلالوی 272 گ ب ضلع فیصل آباد
منکیرہ ضلع بھکر کے مقبول شاعر کالم نگار محترم جناب مقبول ذکی صاحب کا نام ادبی حلقوں میں کسی تعارف کا محتاج نہیں ۔ انہوں نے اپنی ان تھک محنت اور باریک بینی سے کام لیتے ہوۓ بڑے پر جوش و انداز سے اپنی کتب کی صورت میں پھولوں کا گلدستہ عوام الناس کو پیش کیا ہے جس میں ملک کے مختلف کونوں سے کئی رنگوں کے پھول نمایاں ہیں
اس سے پہلے بھی یہ اپنی کتاب ٫٫ سنہرے لوگ ،، میں اپنی رنگینی کو ایک منفرد رنگ کی صورت میں منظرِعام پر لا چکے ہیں ۔ میری ان سے گو ابھی تک ملاقات نہیں ہوئی مگر ان کی کتابوں اور موباٸل رابطوں سے اندازہ ہوا کہ مقبول ذکی اپنی محنت کے ثمر سے ادبی حلقوں میں اپنی آپ پہچان ہیں ۔
٫٫ سنہرے لوگ ،، کتاب میں انہوں نے
160 صفحات پر مشتمل 27 شعراء و شاعرات کا ذکر یقیناً اپنے قیمتی لمحات دے کر اپنی محبت کا اظہار اس طرح فرمایا جیسے صدیوں سے آشنا ہوں ۔ مقبول ذکی کو قدرت نے نثر نگاری میں فن مصاحبہ نگاری میں کمال عطا کیا ہے ۔ جس شخصیت کا احاطہ کرتے ہی اس کی چلتی پھرتی تصویر آنکھوں کے سامنے لے آتے ہیں ۔یہ ہنر ہر کسی کے پاس نہیں ہوتا ۔
٫٫ سنہرے لوگ ،، کتاب پر مبصرین میں محترمہ پروین سجل صاحبہ ، محترمہ شاہدہ لطیف صاحبہ ، محترم پروفیسر سعید مجتبیٰ سعیدی صاحب اور محترمہ ریحانہ بتول صاحبہ نے اپنی اپنی محبتوں کے پھول گلدانٍ مقبول پر نچھاور کرتے ہوۓ محترم جناب مقبول ذکی صاحب کو بطور تحفہ پیش کیے ۔
اسی طرح 176 صفحات پر مشتمل کتاب ٫٫ روشن چہرے ،، میں انہوں نے اپنے ملک کے 26 قدردانوں کا تذکرہ فرمایا جو اپنی مثال آپ ہیں ۔
اس کتاب پر محترمہ ڈاکٹر حمیدہ خانم صاحبہ ، ڈاکٹر صاٸمہ یٰاسمین صاحبہ اور صاحبزادہ یاسر صابری صاحب نے اپنے اپنے خیالات کا بڑی عقیدت سے محترم جناب مقبول ذکی صاحب کو نذرانہ پیش کیا ۔
جس سے ثابت ہوتا ہے کہ مقبول صاحب ادبی حلقوں میں واقعی مقبول ہیں ۔
امید ہے کہ محترم جناب مقبول ذکی صاحب کی ان کتب سے قارٸین کو بہت اچھے انداز میں پیش کئے گئے رنگا رنگ کے پھولوں سے ہمیشہ مہکار آتی رہے گی جس سے ان کے گُلشن میں نئی بہار کا اضافہ ہو گا ۔
دعا ہے کہ ذکی صاحب اسی طرح اپنے آنگن میں نئے نئے پھولوں کو اپنی محبتوں سے سیراب فرماتے رہیں
حکیم ناز جلالوی
272 گ ب ضلع فیصل آباد
تمام تحریریں لکھاریوں کی ذاتی آراء ہیں۔ ادارے کا ان سے متفق ہونا ضروری نہیں۔