عقیدتوں کا سفر – اوّل

گزشتہ دنوں میں نے اپنے آباء و اجداد کی تاریخ کے حوالے سے جنوبی پنجاب یعنی اوچ شریف اور ملتان شریف کے ساتھ ساتھ ڈیرہ غازی خان کاایک تحقیقی و مطالعاتی سفر کیا مقصد اس سفر کا یہ تھا کہ میں سادات نقوی البہاکری اور خصوصاً تاریخِ کاملپور سیداں پر کچھ تفصیلات کتابی شکل میں لکھنا چاہتا ہوں، اس کا آغاز تو  سندھ، روہڑی، سکھر، سیہون شریف، بِھٹ شاہ، حیدر آباد اور کراچی کے مطالعاتی سفر سے 2006 میں ہو چکا تھا مگر بالوجوہ  آگے نہ بڑھ سکا، اب تائیدِ ایزدی سے توفیق عطا ہوئی اور میں اتنے طویل سفر پر آمادہ ہو گیا، محترم آغا جہانگیربُخاری صاحب نے حکم دیا ہے کہ سفر نامہ لکھیں، میں نے عرض کی کہ یہ معلومات تو کتابی شکل میں لاؤں گا البتہ سفر کی روداد پیشِ خِدمت ہے،

شاہ شمس تبریزؒ سرکار

سب سے پہلے یہ عرض کر دوں کہ 2006 کے سفر میں بھی اور اس سفر میں بھی میرے میزبان؛ میرے محسن؛ میرے مہربان دوست جنابِ علامہ مومن حسین قُمی صاحب تھے جب کہ ہماری یہ محبت بھری دوستی قُم ایران سے 1985 سے آج تک قائم و دائم ہے اور ان شآء اللہ اگلی ابدی زندگی میں بھی قائم دائم رہے گی، میں 17 جنوری بروز اتوار شام 6 بجے گھر سے روانہ ہوا، اور اڈے سے ویگن ٹھیک 7 بجے روانہ ہوئی جبکہ میری پہلی منزل علی پور ضلع مظفر گڑھ تھی ، انڈس ڈائیوو سروس پر 18 نمبر سیٹ میرے نام سے بُک تھی اور بس نے 8:30 پر جھنگی سیداں سے روانہ ہونا تھا، جی ٹی روڈ پر ٹریفک کا بہاؤ شدید تھا لہٰذا ویگن کی رفتار بھی بہت آہستہ تھی اور میں پریشان کہ وقت پر کیسے پہنچوں گا، وہی ہوا جس کا ڈر تھا  میں 8:50 پر پہنچا اور گاڑی جا چکی تھی مگر بھلا ہو اڈے کے ملازم محمد حنیف کا جس کے ساتھ میں مسلسل رابطے میں تھا اس نے پچھلی بس میں میری وہی سیٹ پہلے ہی بُک کروا دی اور ٹھیک دس بجے ہم بس میں سوار ہو گئے، جب بس پر سوار ہو رہے تھے تو ڈرائیور اپنی سرائیکی زبان میں سب سے کہہ رہا تھا کہ جلدی کرو جلدی کرو  دھند کی وجہ سے موٹر وے بند ہونے والی ہے، میں نے ہنستے ہوئے سرائیکی میں ہی کہا کہ آج ان شآء اللہ بند نہیں ہو گی

بہاؤالدین زکریا ؒ

یوں ٹھیک 10 بجکر دس منٹ پر گاڑی روانہ ہوئی، آس پاس گُپ اندھیرا اور میرا یہ مسئلہ ہے کہ مجھے دورانِ سفر نیند بالکل نہیں آتی کچھ دیر تو انٹرنیٹ پر گزارہ مگر پھر اس ڈر سے بند کر دیا کہ بیٹری ختم نہ ہو جائے، کچھ ہی دیر میں بس ہوسٹس نے کچھ نمکین چیزیں اور پیپسی دی کچھ شغل ہوا اور پھر پوری بس سو گئی، دھند کی وجہ سے باہر تارے بھی دکھائی نہیں دیتے تھے کہ گِنتے اور رات گزر جاتی بس اللہ اللہ کر کے آدھا سفر مکمل ہوا اور گوجرہ ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں قیام و طعام پر بس رکی اور ہم نیچے اُترے، واش روم گئے، واپس چائے والے کے پاس آئے تو ڈرائیور صاحب نے بڑی محبت سے چائے اور بسکٹ اپنی جیب سے پیش کیے اس نوازش کی وجہ پوچھی تو بولے آپ کی دعا سے 11 دن کے بعد ہم بغیر کسی رکاوٹ کے مسلسل موٹر وے پر جا رہے ہیں اور آخر تک ان شآء اللہ ایسا ہی موسم ہے، لہٰذا پیر سئیں کو چائے پلانا تو بنتا ہے نا ! بہر حال صبح ٹھیک 6 بجے آزانیں ہو رہی تھیں تو ہم علی پور پہنچے، مولانا قُمی صاحب کا چھوٹا فرزند حسن رضا ڈرائیور کے ساتھ اڈے پر موجود تھے، گاڑی میں سوار ہو کر قبلہ کے دولت کدے پر پہنچے نماز پڑھی دو عدد اُبلے ہوئے انڈے کھائے مزیدار گھر کے دودھ اور گھر کے گُڑ سے بنی چائے پی مولانا سے گپ شپ کی،

شاہ سیّد رکن الدین رُکن عالم ؒ

اب قبلہ مولانا کی خواہش تھی کہ میں کچھ دیر آرام کروں، سو جاؤں مگر میں نے عرض کی کہ میرے پاس وقت کم ہے لہٰذا ابھی ناشتے کے بعد نکلتے ہیں، انتہائی پرتکلف ناشتہ اور پھر قبلہ سئیں کا اصرار کہ سب کچھ کھانا ہے ، بس یہی کہہ سکتا ہوں کہ خوب سیئر ہو کر ناشتہ کیا اور پھر مولانا کے ساتھ ان کی خُوبصُورت بالکل نئے ماڈل کی ٹویوٹا کرولا گاڑی میں علی پور سے اوچ شریف کی طرف روانہ ہوئے، جو کہ جنوبی پنجاب کے ضلع بہاولپور میں واقع ہے، یہ ہائی وے کراچی تک جاتی ہے سو اس پر بڑے بڑے ہیوی ٹرالر اور بہت زیادہ ٹریفک ہوتی ہے اوپر سے گنے کا سیزن بھی ہے گنے کی ٹرالیاں اس قدر لدی ہوئی ہوتی ہیں کہ سنگل روڈ پر دو طرفہ ٹریفک چلنا مشکل ہو جاتی ہے اور پھر گاڑی کا کراس کرنا تو محال ہی ہے، میں نے اپنی زندگی میں اس سے زیادہ بےہنگم ٹریفک کا اژدھام کبھی نہیں دیکھا تھا، بس اللہ اللہ کر کے دن ایک بجے اوچ شریف محلہ بخاری سادات میں واقع مدرسہ انوارِ فاطمیہ پہنچے، مولانا مومن قُمی صاحب نے ٹیلی فون کر کے پہلے سے میرے آنے کا مقصد بیان کر دیا تھا، لہٰذا پرنسپل مولانا سجادحسین خان صاحب نے محمد احسن عابدی صاحب کو اور مولانا مشتاق حسین صاحب کو مدرسے میں بُلا رکھا تھا، مولانا کے کھانے کے بےحد اسرار اور پھر بچتے بچاتے مدرسے میں چائے پی نماز ادا کی اور احباب کے ساتھ اولیاء اللہ سے ملاقات کے لئے نکل پڑے، سب سے پہلی حاضری اپنے جدِ امجد سلطان سید بدرالدین بدرِ عالم ابنِ سلطان سید صدرالدین صدرِ عالم کے مزار پر دی ، ایک بلند ٹیلے پر اُن کا مزار مقدس نئے سرے سے تعمیر ہو رہا ہے ،

شیر شاہ سیّد جلال الدین سرخ پوش بخاری

اس کے ساتھ ہی شیر شاہ سید جلال الدین سُرخ پوش بُخاری رَحمَۃُ اللہِ علیہ کی پوتی سیدہ جیونی بی بی کا مقبرہ ہے جس کی ہیئت اور ڈیزائن بالکل حضرت شاہ رکنِ عالم رحمۃاللہ علیہ کے مزار جیسا ہے اس کے بعد ہم شیر شاہ سید جلال الدین سُرخ پوش بُخاری رحمۃاللہ علیہ کے مزار مبارک پر حاضر ہوئے، حضرت سرخ پوش بُخاری رح کے ہم عصر بزرگانِ دین میں سلطان سید بدرالدین بدرِ عالم آلبہاکری  ، شیخ بہاؤالدین ذکریا ملتانی رحمۃاللہ علیہ ، شیخ فریدالدین مسعود گنجِ شکرؒ اور سید عثمان مروندی المعروف لعل شہباز قلندر تھے ؛ اس سے کچھ فاصلے پر حضرت سید مخدوم جہانیاں جہاں گشت رحمۃاللہ علیہ کا مزار ہے اور اس کے ساتھ ہی مولا علی علیہ السلام کی قدم گاہ مبارک ہے اور کچھ ہی فاصلے پر سید بہاول حلیم اور حضرت سید کبیر الدین حسن دریا اور سید جلال الدین سُرخ پوش بُخاری سرکار کے پوتے سید صدرالدین راجن قتال رحمۃاللہ علیہم کے مزارات ہیں ان تمام مزارات پر حاضری اور فاتحہ خوانی میں ہی شام ہو گئی، اس کے بعد مدرسے میں بیٹھ کر تاریخی معلومات حاصل کیں اور انہیں نوٹ کیا، اور نماز مغرب کے بعد واپسی کا سفر شروع ہوا اور رات 10 بجے علی پور واپس پہنچے کھانا کھایا اور سو گئے

جاری ہے ۔۔۔۔

تمام تحریریں لکھاریوں کی ذاتی آراء ہیں۔ ادارے کا ان سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

streamyard

Next Post

اٹک میں علم کی شمع

پیر جنوری 25 , 2021
آج میں جس علم کی شمع کے متعلق لکھنا چاہتا ہوں وہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سپورٹس بورڈ پنجاب کا ایک بہت ہی احسن قدم ہے۔
اٹک میں علم کی شمع

مزید دلچسپ تحریریں