سردار منصور حیات ٹمن کا دورہ ملتان خورد
سابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری اور تلہ گنگ سے منتخب ہونے واے معروف سیاست دان سابقہ ممبر قومی اسمبلی سردار منصور حیات ٹمن نے جب اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ پر سابق وزیراعظم سینئرنائب صدر پاکستان مسلم لیگ ن شاہد خاقان عباسی ،پنجاب مسلم لیگ ن کے صدر رانا ثناء اللہ اور دیگر مسلم لیگ ن کی سینئر قیادت کی موجودگی میں دوبارہ مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کیا تو نہ صرف قومی سیاست میں ہلچل پیدا ہوئی بلکہ،چکوال اور تلہ گنگ کے سیاسی حلقوں نے بھی اسے علاقائی سیاست میں بڑی تبدیلی قرار دیا۔ جس وقت سردار منصور حیات ٹمن نے اعلان کیا تو بعض دانشوروں نے اسے غلط وقت پر صحیح فیصلہ قرار دیا تھا۔اس وقت مسلم لیگ ن سے سیاسی پروازوں اور سیاسی وکٹوں کے اڑنے کی خبروں میں تیزی آرہی تھی۔سردار منصور حیات ٹمن نے اس مشکل وقت مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کرکے سیاسی ماحول کو بدلا جس سے مسلم لیگ ن سے سیاسی ا نخلا میں ٹھہراؤ آیا۔سردار منصور حیات ٹمن کی ن لیگ میں شمولیت سے شاہد خاقان عباسی کی اس سیاسی پیش رفت نے پارٹی کو نیا حوصلہ دیا۔
مسلم لیگ ن اگر مشکل وقت میں سردار منصور حیات ٹمن کی سیاسی قربانی کو یاد رکھ سکے تو ائیندہ آمدہ الیکشن میں ضلعی سطح کے سیاسی اور پارٹی فیصلے انہیں کی مشاورت اور سربراہی میں ہو نے چاہیں لیکن سیاست تو ہر دم اپنا مزاج اور رخ بدلتی رہتی ہے۔انتخاب کی غیر یقینی صورتحال نے نہ صرف معیشت کو متاثر کیا ہے بلکہ اس صورتحال سےسیاسی جمود بھی دیکھنے میں آیا ہے۔اس غیر یقینی سیاسی ماحول نے سیاست دانوں کو بھی عوامی حلقوں سے بے ربط کر دیا۔جب تک الیکشن کا اعلان نہیں ہوتا سیاسی سرد مہری موجود رہے گی اور سیاسی سرگرمیاں منجمند رہیں گی۔
بہت سارے سیاست دان سیاسی پلیٹ فارم پر الیکشن کی ٹرین کے منتظر کھڑے ہیں لیکن کچھ سیاست دان سیاسی حالات کے جبر میں بھی پر امید ہیں اور سیاسی جدوجہد میں اپنی منزل کی طرف گامزن ہیں۔سردار منصور حیات ٹمن کے سیاسی اور عوامی را بطے کا تسلسل جاری ہے۔ سیاست کا اونٹ کس کروٹ بیٹھے گا؟، قومی اسمبلی کا ٹکٹ کسے ملے گا؟ ان تمام خدشات سے ماورا وہ اپنے سیاسی اہداف کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں سردار منصور حیات ٹمن ملتان خورد میں گھاڑا برادری کی دعوت پر تشریف لائے اور نوجوانوں سے سیاسی مکالمہ کیا۔
اور انہیں آمدہ انتخابات میں بھر پور کردار ادا کرنے کی تلقین کی۔گھاڑا برادری نہ صرف ملتان خورد میں سیاسی برتری کیلئے لازم ہے بلکہ تحصیل تلہ گنگ میں بھر پور سیاسی قوت بھی رکھتی ہے۔پرجوش نوجوانوں نے سردار منصور حیات ٹمن کا سیاسی طور پر بھر پور ساتھ دینے کا عزم کیا۔ عبداللہ گھاڑا کی دعوت پر سردار منصور حیات ٹمن نے ملتان خورد کا دورہ کیا۔عبداللہ گھاڑا سیاسی اور سماجی اہلیت رکھنے والا متحرک نوجوان ہے۔
تمام تحریریں لکھاریوں کی ذاتی آراء ہیں۔ ادارے کا ان سے متفق ہونا ضروری نہیں۔